میچ فکسنگ کیس کے مرکزی کردار کا پردہ چاک

کرکٹرغلام بودی ٹی20لیگ میں کرپشن پھیلانے کے الزام میں معطل ہیں، پروٹیز بورڈ


Sports Desk January 15, 2016
کرکٹرغلام بودی ٹی20لیگ میں کرپشن پھیلانے کے الزام میں معطل ہیں، پروٹیز بورڈ. فوٹو: فائل

جنوبی افریقی فکسنگ اسکینڈل کے مرکزی کردار کا پردہ چاک ہوگیا، بھارت میں پیدا ہونے والے سابق انٹرنیشنل کرکٹر غلام بودی ٹوئنٹی 20 لیگ میں کرپشن پھیلانے کے الزام میں معطل ہیں، پروٹیز بورڈ کے مطابق اب بودی نے تعاون شروع کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ کرکٹ بورڈ نے آخر کار اس بات کی تصدیق کردی کہ گذشتہ ماہ جس کرکٹر کو فکسنگ کے شبے میں معطل کیا گیا وہ غلام بودی ہیں جو قومی ٹیم کے ساتھ ڈولفنز، ٹائٹنز اور لائنز کی جانب سے کرکٹ کھیل چکے ہیں۔

سی ایس اے کے چیف ایگزیکٹیو ہارون لورگاٹ نے کہا کہ تحقیقات اور اس کے بعد کی کارروائی سے ہم اس پوائنٹ پر پہنچ چکے جہاں تصدیق کرسکتے ہیں کہ جس شخص کو گذشتہ ماہ اینٹی کرپشن کوڈ کے تحت معطل کیا گیا وہ غلام بودی ہیں، وہ اس وقت اینٹی کرپشن آفیشلز کے ساتھ تعاون کررہے ہیں، ہمیں ان کے الزامات پر جواب کا انتظار ہے، کوڈ میں درج طریقہ کارکے تحت ہی کارروائی کو آگے بڑھایا جائے گا۔

واضح رہے کہ بودی کو کوڈ کے آرٹیکل 4.7.1 کے تحت معطل کیا گیا، وہ کھیل سے متعلقہ سرگرمیوں میں کسی بھی حیثیت سے شریک نہیں ہوسکیں گے۔

ادھر سابق کرکٹرز اس اسکینڈل کو ہنسی کرونیے واقعے سے بھی بڑا قرار دے رہے ہیں۔ ڈولفنز کے کپتان مورن وان ویک کا کہنا ہے کہ تازہ اسکینڈل نے جنوبی افریقی کرکٹ کے تاریک دور کی یاد تازہ کردی، مگر مجھے یہ اس سے بھی بھیانک دکھائی دیتا ہے، اس میں جو بھی ملوث ہے اس کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے،ان دنوں ہر کھلاڑی کو فکسنگ اور اس کے نقصانات کے بارے میں اچھی طرح آگاہ کیا جاچکا ہے اگر پھر بھی وہ اس جانب راغب ہوتے تو ان پر کوئی رحم نہیں کرنا چاہیے۔

مقبول خبریں