گرین شرٹس انتقام کی آگ میں جلنے لگے مشقیں عروج پر پہنچ گئیں

کیویز سے گذشتہ مقابلے کی خامیوں پر قابو پانے کیلیے کھلاڑیوں نے خون پسینہ ایک کردیا


Sports Desk January 21, 2016
طویل پریکٹس سیشن کے بعد تھکن سے چور پاکستانی کرکٹرز آرام کررہے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

دوسرے ٹوئنٹی 20 میں بدترین شکست کے بعد گرین شرٹس انتقام کی آگ میں جلنے لگے، جمعے کوکیویز کے فیصلہ کن شکار کیلیے مشقیں عروج پر پہنچ گئیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستانی کرکٹرز گذشتہ میچ کی شکست کے بعد کیویز کو فیصلہ کن معرکے میں زیر کر کے حساب چکتا کرنے کیلیے بے چین ہیں، گذشتہ روز موسم بالکل صاف ہونے کی وجہ سے مکمل ٹریننگ سیشن کا موقع میسر آیا تو ہیڈ کوچ وقار یونس نے سخت مشقوں سے کھلاڑیوں کے پسینے چھڑا دیئے۔

خاص طور پر فیلڈنگ اور بولنگ پر توجہ مرکوز رہی جس کی وجہ سے دوسرے ٹوئنٹی 20 میچ میں نیوزی لینڈ کے اوپنرز گپٹل اور کین ولیمسن ان کیلیے سوہان روح بن گئے تھے۔ دوپہر کے بعد کھلاڑی ویلنگٹن کے بیسن ریزرو اسٹیڈیم میں اکھٹے ہوئے جہاں تیز ہوائیں چل رہی تھیں۔ ٹریننگ سیشن کا آغاز وارم اپ سے ہوا جس کے بعد فیلڈنگ اور نیٹ میں بولنگ و بیٹنگ پریکٹس کی گئی، اس کے ساتھ انفرادی طور پر بھی پلیئرز پر توجہ دی گئی۔

فاسٹ بولر وہاب ریاض خاص طور پر ٹیم مینجمنٹ کی توجہ کا مرکز تھے، جن کے بازو پر منگل کو تیز گیند لگی اور وہ بعد میں برف سے سکائی کرتے ہوئے دکھائی دیئے، انھوں نے بھی بدھ کو ٹریننگ میں بھرپور حصہ لے کر اپنی فٹنس ثابت کردی جس سے ان کے جمعے کو تیسرے اور آخری ٹوئنٹی 20 میچ شرکت پر چھائے غیریقینی کے بادل چھٹ گئے ہیں، وہاب کے بارے میں ٹیم فزیو بریڈ روبنسن نے کہا کہ پیسرکو جو چوٹ پہنچی تھی اسے برف کے استعمال سے ٹھیک کرلیا گیا، مجھے یقین ہے کہ وہ جمعے کے میچ کی سلیکشن کیلیے دستیاب ہوں گے۔ یاد رہے کہ پاکستانی ٹیم نے منگل کو بھی پریکٹس کی تھی جبکہ جمعرات کو بھی فل ٹریننگ ہوگی، گرین شرٹس سیریز میں کامیابی کیلیے کوئی کسر باقی نہیں چھوڑنا چاہتے۔

دوسری جانب نیوزی لینڈ کی جانب سے بھی فیصلہ کن معرکے کی الیون کو حتمی شکل دینے کیلیے کوشش جاری ہے، فاسٹ بولرز کے درمیان بھی میدان میں اترنے کیلیے درپردہ جنگ چل رہی ہے، مچل میک کلینگن کہتے ہیں کہ انھیں اسکواڈ میں ٹرینٹ بولٹ، ایڈم ملن اور میٹ ہینری جیسے پلیئرز کی موجودگی سے کوئی مسئلہ نہیں ہے، انھوں نے ٹم ساؤتھی کا بھی نام لیا جو پاؤں کی انجری کے باعث پاکستان کے خلاف ٹوئنٹی 20 کے بعد ون ڈے سیریز سے بھی باہر ہوچکے، ان کی اب آسٹریلیا کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں واپسی ہوگی،کمر کی تکلیف سے دوچار برینڈن میک کولم پاکستان سے تیسرے ون ڈے میں واپس لوٹیں گے۔

کیوی کوچ مائیک ہیسن نے کہاکہ ہم ہر میچ کے لیے صرف چار بہترین فاسٹ بولرز کو ہی میدان میں اتارنے پر توجہ نہیں دیتے، ہم ایسے کھلاڑیوں کا انتخاب کرتے ہیں جو ایک دوسرے کے ساتھ مل کر مخصوص ذمہ داریاں ادا کرسکیں، ہماری خاص توجہ ٹیم میں توازن پر ہوتی ہے۔ میک کلینگن کے بارے میں انھوں نے کہاکہ انھیں اب مختلف کنڈیشنز میں ٹی 20 کرکٹ کا تجربہ حاصل ہوچکا، اس طرزمیں ان کا کھیل دیگر فارمیٹس کی بانسبت زیادہ بہتر اور پاکستان سے گذشتہ میچ میں انھوں نے اس کا مظاہرہ بھی کیا تھا۔

مقبول خبریں