ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ بھارت آسٹریلیا کو شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچ گیا

آسٹریلیا کے 161 رنز کا ہدف بھارت نے 19.1 اوورز میں حاصل کیا۔


ویب ڈیسک March 27, 2016
بھارت کی طرف سے ویرات کوہلی شاندار کھیل پیش کیا اور 82 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ فوٹو : اے ایف پی

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ گروپ 2 کے میچ میں بھارت نے آسٹریلیا کو شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

موہالی کے پنجاب کرکٹ ایسوسی ایشن گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے بھارت کو جیت کے لیے 161 رنز کا ہدف دیا جسے بھارتی سورماؤں نے آخری اوور کی پہلی گیند پر ویرات کوہلی کی شاندار بیٹنگ کی بدولت 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ بھارت کی جانب سے اننگز کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا اور صرف 37 کے مجموعی اسکور پر دونوں اوپنرز پویلین لوٹ گئے جس کے بعد سریش رائنا نے بھی کوئی خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھائی اور وہ 10 رنز بناکر آوٹ ہوئے۔

49 کے مجموعی اسکور پر 3 وکٹیں گرنے کے بعد یوراج سنگھ اور ویرات کوہلی نے ٹیم کو سہارا دیا اور ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا تاہم 94 کے مجموعی اسکور پر یوراج سنگھ 21 رنز بناکر آوٹ ہوگئے لیکن ویرات کوہلی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور 82 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور مین آف دی میچ قرار پائے ان کی اننگز میں 9 چوکے اور 2 چھکے بھی شامل تھے۔آسٹریلیا کی جانب سے شین واٹسن نے 2 جب کہ فالکنر اور کولٹر نائل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل آسٹریلیا نے ٹاس جیت کربیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اوپنر عثمان خواجہ اور ایرون فنچ نے اننگزکا آغاز کیا اور 54 رنز کی شراکت قائم کی جس کے بعد عثمان خواجہ 26 رنز بناکر آوٹ ہوئے جب کہ ایرون فنچ نے 43 رنز کی اننگز کھیلی، اوپنرز کے آوٹ ہونے کے بعد کپتان اسمتھ کوئی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھاسکے اور صرف 2 رنز بناکر آوٹ ہوگئے جس کے بعد گلین میکس ویل اور شین واٹس نے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا لیکن میکس ویل زیادہ دیر تک وکٹ پر کھڑے نہ رہ سکے اور 130 کے مجموعی اسکور پر 30 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے تاہم شین واٹسن نے ٹیم کا اسکور 160 تک پہنچایا انہوں نے 16 گیندوں پر 18 رنز بنائے جس میں 2 چوکے بھی شامل تھے۔ بھارت کی جانب سے پانڈیا نے 2 جب کہ اشیش نہرا، ایشون اور یوراج سنگھ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

مقبول خبریں