ڈبل سواری پر پابندی کی خلاف ورزی کرنیوالے نوجوان پر پولیس کا تشدد

نمائندہ ایکسپریس  منگل 13 نومبر 2012
 حیدرآباد:  ڈبل سواری کی خلاف ورزی کرنیوالے نوجوان پولیس سے مزاحمت کر رہے ہیں۔ فوٹو : شاہد علی / ایکسپریس

حیدرآباد: ڈبل سواری کی خلاف ورزی کرنیوالے نوجوان پولیس سے مزاحمت کر رہے ہیں۔ فوٹو : شاہد علی / ایکسپریس

حیدر آباد: پولیس نے ڈبل سواری پر پابندی کی خلاف ورزی کرنے والے با اثر ریٹائرڈ افسر کے بیٹے کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا۔

جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہو گیا، زخمی نوجوان نے الزام عاید کیا ہے کہ پولیس نے رشوت نہ دینے پر اسے تشدد کا نشانہ بنایا ہے۔ حیدرآباد جیم خانہ کے قریب ناکا لگا کر اسنیپ چیکنگ میں مصروف جی او آر پولیس نے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی کی خلاف ورزی پر نوجوان ملک یاسر حسین اور اس کے دوست کو روک لیا، یاسر کے مطابق پولیس نے پہلے سے ڈبل سواری پر روکے گئے موٹر سائیکل سوار کو مبینہ طور پر 5سو روپے رشوت لے کر چھوڑ دیا۔

جبکہ اس سے بھی 5 سو روپے رشوت طلب کی اور نہ دینے پر تشدد کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں اس کے سر سے خون بہنے لگا۔ پولیس گردی کا شکار نوجوان این ای ڈی یونیورسٹی کا طالب علم ہے اور اس کے والد اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کے ریٹائرڈ ڈائریکٹر ہیں۔ دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ نوجوان سے رشوت طلب کرنے کا الزام غلط ہے ، نوجوان نے نہ صرف تلخ کلامی کی بلکہ ڈیوٹی پر موجود اہلکار پرحملے کی بھی کوشش کی جس کے نتیجے میں یہ واقعہ رونما ہوا جبکہ زخمی نوجوان کو میڈیکل رپورٹ کے لیے لیٹر بھی جاری کر دیا گیا ہے جس کے آنے پر پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔