ایک سال میں ایک لاکھ سے زائد جعلی شناختی کارڈز بلاک کئے جاچکے ہیں چوہدری نثار

جس نے بھی شناختی کارڈ کی غلط تصدیق کی ہے وہ بھی سلاخوں کے پیچھے ہوگا ، چوہدری نثار


ویب ڈیسک April 05, 2016
کرپشن میں ملوث 2 سو افراد کو جیل کی ہوا کھانی پڑرہی ہے ، چوہدری نثار : فوٹو : فائل

وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ ایک سال میں ایک لاکھ سے زائد جعلی شناختی کارڈز جو بلاک کیا جاچکا ہے۔

راولپنڈی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ ماضی میں نادرا سمیت پاکستان کے دیگر اداروں کے ساتھ اچھا سلوک نہیں ہوا ۔ گزشتہ حکومت کے آخری سال میں نادرا کو ایک ارب روپے کا نقصان ہوا اور تمام اداروں کو کرپشن کے ذریعے تباہ کردیا گیا لیکن ہم نے گزشتہ ڈھائی برسوں میں نادرا میں موجود 2 سو سے زائد کرپٹ ملازمین کو نکال پھینکا، ان میں سے بیشتر جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہیں۔ ایک سال میں ایک لاکھ سے زائد شناختی کارڈز بلاک کئے جاچکے ہیں جن میں ہزاروں افغانیوں کے شناختی کارڈز بھی شامل ہیں۔ اداروں میں کرپشن کسی صورت بھی قبول نہیں اور جس نے بھی شناختی کارڈ کی غلط تصدیق کی ہے وہ بھی سلاخوں کے پیچھے ہوگا۔

چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ نادرا ایک منافع بخش ادارہ ہے، ہمارے دور اقتدار کے پہلے سال ہی نادرا کو 5 ارب روپے کا فائدہ ہوا اور رواں سال نادرا 6 ارب روپے کے فائدے میں ہے جب کہ ڈائریکٹریٹ آف پاسپورٹس بھی سرکاری خزانے میں 22 ارب روپے جمع کرائے گا۔ ہم اس پیسے کو وزرا کی مراعات میں خرچ کرنے کے بجائے اس سے عوام کو اچھی سہولیات فراہم کرنا چاہتے ہیں، اسی لئے ملک میں نادرا کے 5 میگا سینٹرز بنائے جارہے ہیں اور یہ میگا سینٹرز بین الاقوامی معیار کے مطابق ہوں گے کیوں کہ پاکستان کا ہر شہری ہی وی آئی پی ہے۔

 

۔

 

 

مقبول خبریں