ایل این جی آنے سے فرنس آئل کی کھپت کم

گزشتہ ماہ فرنس آئل کی فروخت سال بہ سال24فیصد گھٹ کر6لاکھ ٹن رہ گئی


Business Reporter May 07, 2016
نرخوں میں کمی کے باعث پٹرول 12اور ڈیزل کی فروخت میں 6 فیصدکا اضافہ ہوا فوٹو: فائل

پاور اور انڈسٹریل سیکٹر کو ایل این جی کی فراہمی کے سبب فرنس آئل کی مقامی کھپت میں کمی آرہی ہے تاہم نرخوں میں کمی کے باعث پٹرول اور ڈیزل کی فروخت میں اضافے کا رجحان رہا۔ پٹرولیم سیکٹر کی جانب سے گزشتہ روز جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق اپریل 2016کے مہینے میں فرنس آئل کی فروخت اپریل 2015 کے مقابلے میں 24فیصد کمی کے ساتھ 6لاکھ ٹن رہی۔

اعدادوشمار کے مطابق اپریل 2015کے مقابلے میں اپریل 2016کے دوران پٹرول کی فروخت 12فیصد کے اضافے سے 5لاکھ ٹن جبکہ ڈیزل کی فروخت6 فیصد کے اضافے سے 7لاکھ ٹن رہی، فرنس آئل کی کھپت میں کمی کے سبب اپریل کے مہینے میں ایندھن کی مجموعی فروخت 5فیصد کمی سے 20لاکھ ٹن رہی۔ اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 10ماہ کے دوران ایندھن کی مجموعی فروخت 4 فیصد کے اضافے سے 1کروڑ 88لاکھ ٹن رہی جس میں پٹرول کی فروخت میں 25 فیصد اور ڈیزل کی فروخت میں 4فیصد اضافہ رہا، 10ماہ کے دوران فرنس آئل کی فروخت 6 فیصد اضافے سے 70لاکھ ٹن رہی، پٹرول اور ڈیزل کی کھپت میں اضافہ قیمتوں میں کمی کا نتیجہ ہے، اپریل 2015سے اپریل 2016کے دوران پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 13فیصد تک کی کمی واقع ہوئی ہے ۔

فرنس آئل کی طلب میں کمی کی وجہ سے پاکستان اسٹیٹ آئل کی مجموعی فروخت اپریل کے مہینے میں 8فیصد کمی کے ساتھ 11لاکھ ٹن رہی۔ ہیسکول پٹرولیم کی فروخت میںاپریل 2015کے مقابلے میں 67فیصد اضافہ ہوا اور ہیسکول کا مارکیٹ شیئر جو اپریل 2015میں 4فیصد تھا وہ اپریل 2016میں بڑھ کر 7 فیصد کی سطح پر آگیا۔

مقبول خبریں