نازیبا حرکتوں سے نہیں فنکارانہ جوہر دکھا کر کامیابی چاہتی ہوں متیرا

شہرت اورکامیابی انھی لوگوں کے حصے میں آتی ہے جو اپنے کام سے مخلص ہوتے ہیں، متیرا


Qaiser Iftikhar May 25, 2016
ہمارے پڑوسی ملک میں فلموں کی پروموشن کے لیے اب آئٹم نمبر سب سے بہترین ذریعہ بن چکا ہے، اداکارہ۔ فوٹو : فائل

معروف آئٹم گرل متیرا نے کہا ہے کہ نازیبا حرکتوں سے نہیں فنکارانہ جوہر دکھا کرکامیابی چاہتی ہوں، ترقی کرنا ہرانسان کا حق ہے، سستی شہرت کے لیے وقتی کامیابی تومل جاتی ہے لیکن وہ دیرپا نہیں ہوتی۔ فنون لطیفہ کے تمام شعبوں میں ہرکوئی آنا چاہتا ہے مگرشہرت اورکامیابی انھی لوگوں کے حصے میں آتی ہے ، جوفنکارانہ صلاحیتوں سے مالا مال ہوں۔

ان خیالات کا اظہارماڈل و اداکارہ متیرا نے ''ایکسپریس'' سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ شہرت اورکامیابی انھی لوگوں کے حصے میں آتی ہے جو اپنے کام سے مخلص ہوتے ہیں، شارٹ کٹ پر یقین نہیں رکھتی،پاکستان میں باصلاحیت لوگوں کے لیے ترقی کے بہت راستے موجود ہیں، موجودہ دورمیں جن فنکاروں کی پہچان ان کا کام ہے اورلوگ ان سے بے پناہ پیارکرتے ہیں، اس کے پیچھے ان کی کڑی محنت شامل ہے، مگرشارٹ کٹ کے ذریعے آگے آنے والے یہ سب کچھ بھلا کرسفارش یا پھرنازیبا حرکات کرکے آگے آجاتے ہیں۔ اس طرح کی متعدد مثالیں ہمارے ارد گرد موجود ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں متیرا نے کہا کہ میرا ایک اپنا انداز ہے جس کے ساتھ میں نے پروگرام شروع کیا تومجھے اچھا رسپانس ملا۔ لیکن جب کوئی دوسرا مجھے کاپی کرنے کی کوشش کرے گا یا میرے انداز کواپنائے گا تواس کووہ رسپانس نہیں مل سکتا، جس کی وہ توقع کررہا ہے۔

اس لیے میں فنون لطیفہ کوبطورپروفیشن اپنانے والے نوجوانوں کو مشورہ دینا چاہتی ہوں کہ وہ کسی کوکاپی کرنے کی بجائے اپنا انداز سامنے لائیں، اپنی فنکارانہ صلاحیتوں کے بل پرآگے آئیں اورمحنت سے کام کریں۔ ایک دن انھیں ان کی منزل ضرورملے گی۔ انھوں نے فلموں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بتایاکہ پاکستانی فلموںکا معیار بہترہورہا ہے لیکن سمت درست کرنے کی تاحال ضرورت ہے۔ جہاں تک بات فلموں میں آئٹم نمبر کی ہے تووہ آجکل بننے والی فلموں کی اولین ڈیمانڈ ہے۔ ایک آئٹم نمبر اگرپبلک کوپسند آجائے توفلم کی کامیابی کی ضمانت بن جاتا ہے۔ ویسے بھی ہمارے پڑوسی ملک میں فلموں کی پروموشن کے لیے اب آئٹم نمبر سب سے بہترین ذریعہ بن چکا ہے۔

مقبول خبریں