کرپشن رپورٹنگ کے حوالے سے کرکٹرزعدم تحفظ کا شکار

میک کولم کیس کے بعد تحفظات میں اضافہ،فکسنگ سے جنگ کیلیے مل کرلڑنا ہوگا،فیکا


Sports Desk June 14, 2016
میک کولم کیس کے بعد تحفظات میں اضافہ،فکسنگ سے جنگ کیلیے مل کرلڑنا ہوگا،فیکا فوٹو؛ گیٹی امیجز

کرپشن رپورٹنگ کے حوالے سے کرکٹرزعدم تحفظ کا شکار ہیں، فیڈریشن آف انٹرنیشنل کرکٹرزایسوسی ایشن (فیکا) کا کہنا ہے کہ برینڈن میک کولم کیس کے بعد تحفظات میں اضافہ ہوگیا ہے، کھیل کو فکسنگ سے پاک کرنے کیلیے سب کو مل کر لڑنا ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کے سابق کپتان برینڈن میک کولم نے حال ہی میں ایم سی سی اسپرٹ آف کرکٹ لیکچر کے دوران آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ کو رسمی قرار دیتے ہوئے اس کے طریقہ کار پراعتراض کیا تھا، انھیں خاص طور پر اس بات کا غصہ تھا کہ جو انتہائی اہم بیان دیا وہ عدالت میں پیش ہونے سے پہلے میڈیا کی زینت بن گیا تھا۔ فیکا کے چیف ایگزیکٹیو ٹونی آئرش نے کہاکہ پلیئرز کو خاص طور پر اس حوالے سے تشویش ہے کہ ان کی جانب سے دی جانے والے حساس معلومات کی آئی سی سی اور اس کے ممبر بورڈزحفاظت نہیں کرتے، جب کھلاڑی مشکوک رابطے کے بارے میں رپورٹ کریں تو ویسے ہی کافی نروس ہوتے ہیں۔

میک کولم والے واقعے کے بعد وہ اس حوالے سے عدم تحفظ کا شکارہوگئے ہیں، انھوں نے کہا کہ پلیئرز ایسوسی ایشنز کی جانب سے جب ڈومیسٹک سطح پر اینٹی کرپشن ایجوکیشن دی جاتی ہے تب کھلاڑیوں کی جانب سے اس حوالے سے سوالات کیے جاتے ہیں، فیکا نے اپنی توجہ اس جانب مبذول کرلی ہے، ہم اس بات کو یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ کھلاڑیوں کی جانب سے مشکوک رابطوں کے بارے میں جو بھی رپورٹ دی جائے اس کو ہرحال میں خفیہ رکھا جائے، ٹونی آئرش نے مزید کہا کہ کھیل کو کرپشن سے پاک کرنے کیلیے مربوط کوششوں کی ضرورت ہے، صاف ستھرے کھلاڑیوں کو مکمل حفاظت فراہم کرکے ہی کرپشن کو کلین بولڈ کیا جاسکتا ہے۔

مقبول خبریں