بنگلہ دیش کو ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کا وجود خطرے میں دکھائی دینے لگا

بورڈ نے پروگرام کے تحت ٹیم بھیجنے کیلیے انگلینڈ کی منت سماجت شروع کردی۔


Sports Desk July 05, 2016
بورڈ نے پروگرام کے تحت ٹیم بھیجنے کیلیے انگلینڈ کی منت سماجت شروع کردی۔ فوٹو:فائل

KARACHI: دہشتگردی کے بعد بنگلہ دیش کو اپنے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کا وجود خطرے میں دکھائی دینے لگا، پروگرام کے تحت ٹیم بھیجنے کیلیے انگلینڈ کی منت سماجت شروع کردی، بورڈ آفیشلز نے آسٹریلیا پر گزشتہ برس ٹور سے جان چھڑانے کیلیے سیکیورٹی کا بہانہ بنانے کا الزام عائد کیا، بی سی بی ڈائریکٹر شیخ جمال کہتے ہیں کہ کچھ ٹیمیں دورے ملتوی کرانے کیلیے بہانے ڈھونڈتی پھرتی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق چند روز قبل ڈھاکا میں دہشتگردی کی سنگین واردات کے بعد بنگلہ دیش کو بھی ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کا مستقبل تاریک دکھائی دینے لگا ہے، اپنے میدانوں کوسونا ہونے سے بچانے کیلیے انگلینڈ کی منت سماجت کی جا رہی ہے کہ وہ اپنا اکتوبر کا ٹور ملتوی نہ کرے۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر شیخ سہیل نے کہاکہ جو کچھ ہوا وہ نہ صرف کرکٹ بلکہ ملک کے تمام سیکٹرز کے لیے بُری خبر ہے، میں نہیں جانتا کہ اب ہماری کرکٹ کے ساتھ کیا ہوگا، یہ ایک حساس معاملہ ہے، اگر یہ سلسلہ چل نکلا تو پھر ہمارا ملک بھی کرکٹ اقوام کیلیے نوگو زون بن جائے گا، یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ کچھ ممالک بنگلہ دیش کا دورہ نہ کرنے کے بہانے ڈھونڈتے پھرتے ہیں، ہمارے سامنے آسٹریلیا کی مثال موجود ہے۔

جس نے گذشتہ برس اکتوبر میں بغیر کسی ٹھوس وجہ کہ نہ صرف اپنی ٹیم کو ٹیسٹ میچز کیلیے بھیجنے سے انکار کیا بلکہ رواں برس کے آغاز پر اپنی انڈر 19 ٹیم بھی جونیئر ورلڈ کپ میں نہیں بھیجی،باقی کسی ملک نے بھی اعتراض نہیں کیا تھا، تب انگلینڈ نے بھی اپنی ٹیم بھیجی اور ہمیں امید ہے کہ اس بار بھی وہ پروگرام کے مطابق ہی اسکواڈ کو بھیجیں گے۔ دوسری جانب کرکٹ آسٹریلیا نے ردعمل میں کہا کہ وہ بدستور ٹیسٹ ٹور کے مستقبل قریب میں ری شیڈول ہونے کے بارے میں پُرامید تاہم کھلاڑیوں اور آفیشلز کی سلامتی ہمیشہ ہی اولین ترجیح ہے۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز بی سی بی کے صدر نظم الحسن نے بھی انگلینڈ سے اکتوبر میں شیڈول سیریز کیلیے اپنی ٹیم بھیجنے کی درخواست کرتے ہوئے انھیں انتہائی سخت سیکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔

مقبول خبریں