سپریم کورٹ کوپارلیمنٹ کااحترام کرناہوگا،غلام احمد بلور

ایکسپریس اردو  پير 23 جولائی 2012
اداروں کے ٹکراؤکی وجہ سے ملک میں خوفناک صورت حال پیدا ہوسکتی ہے،وزیرریلوے ۔ فائل فوٹو

اداروں کے ٹکراؤکی وجہ سے ملک میں خوفناک صورت حال پیدا ہوسکتی ہے،وزیرریلوے ۔ فائل فوٹو

پشاور: وفاقی وزیر ریلوے حاجی غلام احمد بلور نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کو پارلیمنٹ کا احترام کرنا ہوگا،ون یونٹ سے خیبرپختونخواکے وسائل پر قبضہ کیا گیا،اقلیت نے اکثریت کوتسلیم نہیں کیا جس سے ملک ٹوٹا۔ ’’ ایکسپریس‘‘ کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ون یونٹ کے نام پرخیبرپختونخوا کے وسائل پر قبضہ کیا گیا اور بجلی کی پیداوار کو پنجاب نے اپنے کنٹرول میں کر لیا جو آج بھی ہمیں انتہائی مہنگے داموں مل رہی ہے۔

پاکستان ہرگز نہ ٹوٹتا اگر یہاں کی اقلیت بنگالیوں کی اکثریت کو تسلیم کرتے ہوئے حکومت ان کے حوالے کردیتی لیکن اقلیت نے اکثریت کو تسلیم نہ کیا جس کی وجہ سے ملک دولخت ہوگیا ،ملک میں غیر سیاسی حکومتوںنے ہمیشہ غلط فیصلے کیے ۔ سپریم کورٹ کو پارلیمنٹ کا احترام بھی کرنا ہوگا، آئین کو ڈکٹیٹرز روندتے آئے ہیں ،اصل بالادستی پارلیمنٹ ہی کی ہوتی ہے جسے تسلیم کرنا چاہیے ، اداروں کے ٹکرائوکی وجہ سے ملک میں خوفناک صورت حال پیدا ہوسکتی ہے۔

اے این پی نے منشور پر عمل کیا ہم نے صوبہ کا نام بھی تبدیل کیا ،صوبائی خود مختاری بھی حاصل کی اور این ایف سی ایوارڈ کے تحت صوبہ کے لیے بھی وسائل حاصل کیے۔ انھوں نے کہا کہ نہ تو تحریک انصاف سونامی ہے اور نہ ہی عمران خان کوئی ایسا لیڈر جو آئندہ الیکشن میں چھاجائے ۔ صدر زرداری نے ریلوے کو تباہی سے بچا لیا ہے ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔