آج اقبال حیدر کو اپنے درمیان نہ پا کر کرب کا احساس ہوتا ہے

وہ بہت ہی فعال انسان تھے،اختلاف رائے برداشت کرنے کی صلاحیت بھی رکھتے تھے.


Staff Reporter December 05, 2012
اقبال حیدر کی یاد میں تعزیتی کانفرنس، معراج محمد خان، سلیم رضا اور دیگر کا خطاب

SARGODHA: معروف قانون دان اقبال حیدر کی یاد میں پی ایم اے ہائوس کراچی میں سینئر سیاستدان معراج محمد خان کی سربراہی میں عمائدین شہر نے ایک تعزیتی کانفرنس کا اہتمام کیا جس کی نظامت آغا مسعود نے کی۔

اس موقع پر مختلف مکتبہ ہائے فکر کے افراد نے بھرپور شرکت کی اور مرحوم کی انسانی حقوق کے حوالے سے گرانقدر خدمات کا ذکر کیا گیا، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سینئر سیاستدان معراج محمد خان نے کہا کہ آج اقبال حیدر کو اپنے درمیان نہ پا کر ایک کرب کا احساس ہوتا ہے، ہم نے آمریت، سامراجیت اورنا انصافیوں کیخلاف مل کر کام کیا،وہ بہت ہی فعال انسان تھے، جنھوں نے متعدد مرتبہ جیلیں دیکھیں، ان کی یہ خوبی تھی کہ وہ اختلاف رائے برداشت کرنے کی صلاحیت رکھنے کے ساتھ ساتھ نڈر اوربے باک بھی تھے۔

10

انھوں نے کہا کہ اقبال حیدر نے بلاتفریق رنگ و نسل، صوبائی عصبیت اور لسانیت کے انسانی حقوق کیلیے آواز بلند کی،سابق گورنر اسٹیٹ بینک سلیم رضا نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک ایسی شخصیت ہیں جنھیں یاد رکھا جا سکے، انھوں نے جیلیں دیکھیں لیکن ثابت قدم رہے، وہ جانفشانی سے کام کرنے والے انسان تھے، تعزیتی کانفرنس سے پی ایم اے کے سابق صدر ڈاکٹر عزیز ٹونک نے بھی خطاب کیا اور اقبال حیدر مرحوم کے پی ایم اے کے ڈاکٹروں کے ساتھ تعلقات اور ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ہم ان کے مشن کو جاری رکھنے کیلئے تگ و دو کریں۔

11

اقبال حیدر کی دُختر علیزے حیدر نے بھی ''اقبال حیدر بحیثیت ایک باپ'' کے موضوع پر بیرسٹر اقبال حیدر کے بارے میں انھوں نے بتایا کہ وہ انتہائی شفیق باپ ہونے کے ساتھ ساتھ ہماری بہترین تعلیم و تربیت کیلیے سخت بے چین تھے، وہ سیلف میڈ انسان تھے، اب ہمارا مشن ہے کہ جن خطوط پر وہ سوچتے تھے اسی پر آگے بڑھتے رہیں، اس موقع پر اقبال علوی،اظہر جمیل، کشور زہرا،قیصر بنگالی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

مقبول خبریں