نیشنل گیمز کا میلہ آج سے لاہور میں سجے گا

اسپورٹس رپورٹر  ہفتہ 22 دسمبر 2012
مردوں کے 27 اور خواتین کے 14 مقابلے شامل۔  فوٹو فائل

مردوں کے 27 اور خواتین کے 14 مقابلے شامل۔ فوٹو فائل

لاہور: 32 ویں نیشنل گیمز کا میلہ ہفتے سے لاہور میں سجے گا،7 روز تک جاری رہنے والے ایونٹ کی رنگارنگ افتتاحی تقریب ریلوے اسٹیڈیم میں ہوگی جس میں ہزاروں ایتھلیٹس مارچ پاسٹ کریں گے۔

ایونٹ میں مردوں کے 27 جبکہ خواتین کے 14 مقابلے شیڈول ہیں۔ وینیوز کا اعلان کر دیا گیا،ایتھلیٹکس مقابلے ریلوے اسٹیڈیم، بیس بال یونیورسٹی آف سینٹرل پنجاب ،باڈی بلڈنگ الحمرا ہال، باکسنگ پنجاب کالج آف کامرس، سائیکلنگ ویلوڈرم فیروزپور روڈ، فٹبال،ماڈل ٹائون گرائونڈ، رائیڈرز کلب فیصل ٹائون، جمناسٹک گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور، ہینڈ بال ایگری کلچرل یونیورسٹی فیصل آباد، ہاکی ، جوجسٹو علامہ اقبال میڈیکل کالج جناح اسپتال، کبڈی گورنمنٹ سینٹرل ماڈل ہائی اسکول رٹنگن روڈ ، کراٹے واپڈا اسپورٹس کمپلیکس چونگی امرسدھو ، رائفل شوٹنگ گن اینڈ کنٹری کلب اسلام آباد، رگبی ڈی ایچ اے اسٹیڈیم ، سیلنگ نیشنل سیلنگ سینٹر کراچی، سافٹ بال یونیورسٹی آف سینٹرل پنجاب،اسکواش پنجاب اسپورٹس کمپلیکس ڈیوس روڈ، سوئمنگ واپڈا اسپورٹس کمپلیکس چونگی امرسدھو، ٹیبل ٹینس کرومیٹکس ہال ایچی سن سوسائٹی لاہور، تائیکوانڈو پنجاب یونیورسٹی نیوکیمپس کنال روڈ، ٹینس باغ جناح ٹینس کورٹ، تائیکوانڈو پنجاب یونیورسٹی نیو کیمپس، ٹگ آف وار ریلوے اسٹیڈیم، والی بال واپڈا اسپورٹس کمپلیکس، ویٹ لفٹنگ یونیورسٹی گرائونڈز اولڈ کیمپس، ریسلنگ پنجاب کالج آف کامرس اور ووشو کے مقابلے فزیکل ایجوکیشن کالج برائے ویمن سیکٹر سی ٹائون شپ میں ہوں گے۔ بیس بال میں پہلا میچ بلوچستان اور پنجاب جبکہ دوسرا پاکستان پولیس اور سندھ کے درمیان کھیلا جائے گا۔

1

باکسنگ مقابلے صبح آٹھ بجے سے شام چار بجے تک پنجاب کالج آف کامرس میں ہوں گے، سائیکلنگ میں ہفتے کو مردوں اور عورتوں کے 3،3 مقابلے ہوں گے، ان میں 1000 میٹر ٹائم ٹرائل،500 میٹر ٹائم ٹرائل اور ٹیم اسپرنٹ شامل ہیں۔ سافٹ بال کے مقابلے یونیورسٹی آف سینٹرل پنجاب میں شروع ہوں گے، پہلا میچ اسلام آباد بمقابلہ پنجاب جبکہ دوسرا پاکستان پولیس اور سندھ کے درمیان ہوگا۔ دوسری جانب خیبر پختونخوا اور فاٹا کا دستہ گذشتہ روز بذریعہ بس لاہور پہنچا جس کا استقبال پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کے ممبر وقار علی اور بشیر بٹ نے کیا،کے پی کے کے چیف ڈی مشن وقار معروف جبکہ فاٹا کے امتیاز آفریدی ہیں۔

بلوچستان کا دستہ جعفر ایکسپریس کے ذریعہ لاہور پہنچا جس کا استقبال پنجاب اولمپک کی طرف سے یوسف بٹ اور محمد بابر نے کیا، چیف ڈی مشن عبداللہ جان ہیں، سندھ کا دستہ بذریعہ جہاز لاہور ایئرپورٹ پر پہنچا جس کا استقبال کرنے کیلیے آرگنائزنگ سیکریٹری ادریس حیدر خواجہ اور جوجسٹو فیڈریشن کے صدر محمد خلیل موجود تھے، دستے کے چیف ڈی مشن سید محفوظ الحق ہیں۔

دوسری جانب آرگنائزنگ سیکریٹری ادریس حیدر خواجہ کا کہنا ہے کہ تمام دستوں کو لاہور کے ہوٹلز میں رہائش فراہم کردی گئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔