امریکا نے داعش سربراہ ابوبکر البغدادی کے سر کی قیمت بڑھا کر ڈھائی کروڑ ڈالر کردی

البغدادی کے سر کی قیمت ڈیڑھ کروڑ ڈالر مقرر کی گئی تھی لیکن اب اس میں مزید ایک کروڑ ڈالر کا اضافہ کیا گیا ہے


ویب ڈیسک December 17, 2016
ابوبکر البغدادی امن کے لیے خطرے کا باعث ہے، جن خطرات میں حالیہ برسوں کے دوران خاصا اضافہ ہوا ہے، امریکی محکمہ خارجہ : فوٹو : فائل

KARACHI: امریکا نے شدت پسند تنظیم داعش کے سربراہ ابوبکر البغدادی کے بارے میں اطلاع دینے والے کے لئے انعام کی رقم بڑھا کر 2 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز کر دی ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکا نے شدت پسند کالعدم تنظیم داعش کے سربراہ ابوبکر البغدادی کے بارے میں اطلاع دینے والے کے لئے انعامی رقم میں ایک کروڑ ڈالرز کا اضافہ کردیا ہے جس کے بعد انعامی رقم اب بڑھ کر 2 کروڑ 50 لاکھ امریکی ڈالرز ہوگئی ہے۔ انعام میں اضافے کا اعلان امریکی وزارت خارجہ کے شعبے انعام برائے انصاف پروگرام کے تحت کیا گیا ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: ابوبکرالبغدادی فضائی حملے میں زخمی

امریکی محکمہٴ خارجہ کے ریوارڈ فور جسٹس پروگرام نے انعام کی رقم میں اضافہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ البغدادی امن کے لیے خطرے کا باعث ہے، جن خطرات میں حالیہ برسوں کے دوران خاصا اضافہ ہوا ہے۔ مشرق وسطیٰ میں ہزاروں شہریوں کی ہلاکت کی ذمہ دار ابو بکر البغدادی کے زیر قیادت داعش ہی رہی ہے جس میں جاپان، برطانیہ اور امریکا سے تعلق رکھنے والے متعدد سولین یرغمالیوں کا وحشیانہ قتل بھی شامل ہے، داعش نے اپنی خودساختہ خلافت کی حدود سے باہر بھی براہ راست دہشت گرد حملے کئے ہیں یا اس کا حکم دیا ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: ابوبکرالبغدادی کے بیوی بچے گرفتار

محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ انعامی رقم کسی بھی اس شخص کو دی جا سکتی ہے جو شدت پسند رہنما کے ٹھکانے کے بارے میں اطلاع دے، جس سے اُس کی گرفتاری عمل میں آسکے اور اُسے کیفر کردار تک پہنچایا جاسکے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: ابوبکر البغدادی کی ہلاکت کا امکان

واضح رہے کہ کالعدم داعش کے سربراہ ابوبکر البغدادی کے ہلاک یا زخمی ہونے کی متعدد خبریں زیرگردش رہتی ہیں تاہم اب تک ان دعوؤں کی تصدیق کسی نے بھی نہیں کی جبکہ گذشتہ ماہ ابوبکرالبغدادی کی جانب سے ایک وڈیو پیغام جاری کیا گیا تھا جس میں کالعدم داعش کے زیر قبضہ عراق کے شہر موصل کے دفاع کی حمایت کی گئی تھی۔

مقبول خبریں