امریکی صدر نے میکسیکو کی سرحد پر دیوار بنانے کی دستاویزات پر دستخط کردیے

ویب ڈیسک  جمعرات 26 جنوری 2017
میکسیکو سے متصل جنوبی سرحد پردیوار بنانے کا مقصد ملکی غیرمحفوظ سرحدوں کو محفوظ بنانا ہے، صدارتی ترجمان۔ فوٹو: فائل

میکسیکو سے متصل جنوبی سرحد پردیوار بنانے کا مقصد ملکی غیرمحفوظ سرحدوں کو محفوظ بنانا ہے، صدارتی ترجمان۔ فوٹو: فائل

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میکسیکو کی سرحد پر دیوار تعمیر کرنے اور غیرقانونی طور پر قیام پذیر پناہ گزینوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے حکم نامے پر دستخظ کردیئے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میکسیکو کی سرحد پر دیوار بنانے سے متعلق دستاویزات پر دستخط کردیئے جس کے بعد فوری طور پر دیوار بنانے کے کام کا آغاز کردیا جائے گا جس کے تحت سرحد سے ہونے والی غیرقانونی امیگریشن کو روکا جائے گا۔ صدارتی ترجمان سین اسپائسر کا کہنا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بارڈر پر دیوار بنانے کی دستاویزات پر دستخط کے بعد میکسیکو سے متصل ملک کی جنوبی سرحد پر دیوار بنانے کا کام شروع کردیا جائے گا جس کا مقصد ملکی غیرمحفوظ سرحدوں کو محفوظ بنانا ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ انتخابی مہم کے دوران صدر کی جانب سے عوام سے کئے گئے وعدے کو عملی شکل پہنائی جارہی ہے اور یہ ضروری ہے کہ سب سے پہلے اپنی سرحدوں کی حفاظت کے لئے اقدامات کئے جائیں جس کی تکمیل کے بعد سرحد پار سے امریکا میں آنے والی منشیات، جرائم اور غیرقانونی امیگریشن کو روکا جاسکے گا۔

دوسری جانب غیرملکی خبررساں ادارے رائٹر نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ آنے والے دنوں میں قانونی امیگریشن کو بھی محدود کرنے کے حوالے سے اقدامات کرنا چاہتے ہیں اور اس کے لئے ایگزیکٹو آرڈر کے تحت مسلم ممالک سے آنے والے پناہ گزینوں کو روکنے اور انہیں ویزا جاری نہ کرنے کے احکامات جاری کرسکتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔