پی ایس ایل فائنل کیلیے لاہور آنے والے غیرملکی کھلاڑیوں کی فہرست جاری

اسپورٹس ڈیسک  جمعـء 3 مارچ 2017
فائنل میں پہنچنے کی صورت میں پشاور زلمی کے تمام غیر ملکی کھلاڑی لاہور آنے کا اعلان کرچکے ہیں، فوٹو؛ فائل

فائنل میں پہنچنے کی صورت میں پشاور زلمی کے تمام غیر ملکی کھلاڑی لاہور آنے کا اعلان کرچکے ہیں، فوٹو؛ فائل

دبئی: پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل فائنل میں شرکت کے لیے لاہور آنے پر رضامند غیر ملکی کھلاڑیوں کی فہرست جاری کردی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کی گئی فہرست کے مطابق لاہور میں پی ایس ایل کا فائنل کھیلنے پر رضا مندی ظاہر کرنے والے کھلاڑیوں کا تعلق انگلینڈ، ویسٹ انڈیز، بنگلا دیش، زمبابوے، جنوبی افریقا اور ہالینڈ سے ہے۔ فہرست میں بنگلا دیش کے انعام الحق، زمبابوے کے ایلٹن چگمبرا، گریم کریمر، سین ایرون اور کریگ ایرون، ویسٹ انڈیز کے ریاڈ ایمرٹ، کیسرک ولیمز اور کرشمار اسنٹوکی، انگلینڈ کے پیٹر ڈیوڈ ٹرگو، جیڈ ڈیرن بیچ، جوش کوب، اشعر زیدی، اظہر اللہ، نیدر لینڈ کے ریان ٹین ڈوچے جب کہ جنوبی افریقا کے مورنے وین ویک اور رچرڈ لیوی شامل ہیں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں :کراچی کنگز کے روی بوپارا کا لاہور آنے کا اعلان

اس سے قبل فائنلسٹ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم کے تمام غیرملکی کھلاڑی کیون پیٹرسن، رائلی روسو، ٹائل ملز اور لیوک رائٹ لاہور میں آ کر کھیلنے سے معذرت کرچکے ہیں۔

کراچی کنگز کو فائنل میں پہنچنے کی صورت میں کپتان سنگا کارا، کرس گیل اور دیگر کی عدم موجودگی کا سامنا ہوگا اور انہیں بورڈ کی جانب سے فراہم کی گئی نئی لسٹ میں سے غیرملکی کھلاڑیوں کا انتخاب کرنا ہو گا جب کہ پشاور زلمی کے تمام غیرملکی کھلاڑی ٹیم کے فائنل میں پہنچنے کی صورت میں پاکستان آنے کے لیے تیار ہیں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: فائنل کیلئے پشاور زلمی کے غیر ملکی کھلاڑی لاہور آئیں گے، جاوید آفریدی

واضح رہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پاکستان سپر لیگ کے فائنل میں رسائی حاصل کرچکی ہے اور آج پلے آف کے آخری میچ کی فاتح ٹیم کوئٹہ سے فائنل میں جنگ لڑے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔