کیوی بیٹنگ پر چھایا پت جھڑ کا موسم طویل ہوگیا

پروٹیز کی پہلی اننگز525 رنز پر ڈیکلیئرڈ ،ڈوپلیسس اور ایلجر کی بھی سنچریاں


Sports Desk January 13, 2013
پورٹ ایلزبتھ: جنوبی افریقی بیٹسمین ڈین ایلجر اونچا شاٹ کھیلنے کے بعد گیند کی جانب دیکھ رہے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

نیوزی لینڈ بیٹنگ پر چھایا پت جھڑ کا موسم طویل ہوگیا۔ جنوبی افریقہ کیخلاف دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 47 رنز پر 6 وکٹیں گرگئیں.

دوسرے دن کے اختتام پر بریڈلی جان واٹلنگ سب سے زیادہ 15 رنز بناکر ناٹ آئوٹ تھے، ڈیل اسٹین اور روری کلینویلڈ نے میچ کا مکمل کنٹرول اپنی ٹیم کو سونپ دیا، کیویز کی اب آدھی سے بھی کم ٹیم باقی بچی جبکہ اس کو پہلی اننگز کا خسارہ پورا کرنے کیلیے 478 رنز کا کوہ ہمالیہ سر کرنا ہوگا۔

فالو آن سے بچنے کیلیے بھی مزید 270 رنز درکار ہیں۔ ڈیل اسٹین نے سمر سیزن کا اپنا تیز ترین اسپیل کرتے ہوئے مارٹن گپٹل(1) اور کین ولیمسن (4) کو اپنے ابتدائی تین اوورز میں سلپ میں کیچ کرایا، پھر انجرڈ ورنون فلینڈر کی جگہ لینے والے روری کلینویلڈ نے ڈین برائونلی (10) کو کاٹ بی ہائینڈ اور ڈینیئل فلائن (0) کو ایل بی ڈبلیو کیا۔ کپتان برینڈن میک کولم نے خود کو فاسٹ بولرز کے حملوں سے تو بچالیا مگر اسپنر روبن پیٹرسن کی دوسری گیند پر کیلس کے ہاتھوں کیچ ہوگئے، انھوں نے 13 رنز بنائے، کولن منرو (0) بھی پیٹرسن کا شکارثابت ہوئے۔

03

اس سے قبل جنوبی افریقہ نے اپنی پہلی اننگز 525 رنز 8 وکٹوں پر ڈیکلیئرڈ کی، اس دوران تین کھلاڑیوں نے سنچریاں مکمل کیں۔ فاف ڈوپلیسس (137) اور ڈین ایلجر (103 ناٹ آئوٹ) نے پہلے دن کے سنچورین ہاشم آملا کو جوائن کیا جو110 رنز پر آئوٹ ہوئے، ڈوپلیسس کی یہ دوسری اور ایلنجر کی پہلی ٹیسٹ سنچری ہے۔

ڈگ بریسویل نے 3 اور مونرو نے دو وکٹیں لیں۔ یاد رہے کہ پہلے ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 45 رنز پر آئوٹ ہوگئی تھی، کیپ ٹائون میں کھیلے گئے اس میچ میں اُسے اننگز اور 27 رنز سے شکست کاسامنا کرنا پڑا تھا۔ سیریز بچانے کے لیے کیویز کو رواں ٹیسٹ میں لازمی فتح درکار ہوگی۔

مقبول خبریں