فیس بک ایپ پر’’راکٹ آئی کن‘‘ کیا ہے

راکٹ آئی کن کے تحت آپ ایسے لوگوں کی مشہور پوسٹ دیکھ سکیں گے جو آپ کے دوست نہیں اور نہ ہی پسند کردہ ہیں


ویب ڈیسک April 05, 2017
راکٹ آئی کن کے تحت آپ ایسے لوگوں کی مشہور پوسٹ دیکھ سکیں گے جو آپ کے دوست نہیں اور نہ ہی پسند کردہ ہیں، فوٹو؛ فائل

کچھ ہفتوں سے بعض فیس بک صارفین کے موبائل فون میں فیس بک کی ایپ پر ایک راکٹ آئی کن دکھائی دے رہا ہے اور صارفین اس کا مقصد جاننے کے خواہاں ہیں۔

ایک راکٹ کی شکل کا یہ آئی کن نیوز فیڈ آئی کن کے پہلو میں نمایاں ہے اور اس پر کلک کرکے آپ ایسے افراد اور اداروں کی مشہور ترین پوسٹ اور نیوزفیڈز دیکھ سکتے ہیں جنہیں آپ نے کبھی لائیک نہیں کیا اور نہ ہی کسی کو دوست بنایا۔ یہ آئی کن کبھی غائب اور کبھی نمایاں ہوجاتا ہے اور امریکا برطانیہ سمیت پاکستانی صارفین بھی اس کا مشاہدہ کررہے ہیں۔



راکٹ فیڈ میں مقامی پوسٹ دیکھی جاسکتی ہیں جو آپ کے اطراف یا خطے میں اس وقت مقبول ترین ہوتی ہیں یا ان پر بحث کی جارہی ہوتی ہے۔ راکٹ پوسٹس کی دوسری خاص بات یہ ہے کہ اس میں آپ کی دلچسپی کی پوسٹ نمودار ہوتی ہیں اور اس طرح یہ آپ کے لائیکس اور ہم خیال دوستوں کی رفاقت کو بھی ظاہر کرتی ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق یہ نیوز فیڈ انسٹا گرام کی ایکسپلور ٹیب کی طرح ہیں اور کمپنی کے خاص الگورتھم آپ کو آپ کی پسند اور معیار کی پوسٹ دکھاتے ہیں۔

واضح رہے کہ فیس بک نے اپنے مخصوص لیکن بہت محدود صارفین کو پہلے بھی اس طرح کی پوسٹ آئکن سے متعارف کرایا تھا۔

مقبول خبریں