رتن تلائو فریئر مارکیٹ لینڈ مافیا نے فٹ پاتھ پر 5 دکانیں تعمیر کردیں

دکانوںکی تعمیر میں مبینہ طور پر ایس ایچ او پریڈی اور کے ایم سی کے لینڈ ڈپارٹمنٹ کا ایک اہلکار ملوث ہے ،پولیس ذرائع


Asif Ali Syed August 01, 2012
فریئر مارکیٹ کے نزدیک لینڈ مافیا نے اسکول کی فٹ پاتھ اور سڑک پردکانیں تعمیر کر دی ہیں جس سے ٹریفک کی روانی متاثر اور راہگیروں کو بھی مشکلات کا سامنا ہے۔ فوٹو ایکسپریس

رتن تلاؤ فریئر مارکیٹ کے ایم سی اسکول کے قریب لینڈ مافیا نے پولیس کی ملی بھگت سے فٹ پاتھ پر قبضہ کرکے غیر قانونی طور پر5 دکانیں تعمیرکرنا شروع کردی ہیں ، علاقہ مکینوںکے احتجاج کرنے پر انھیں دھمکیاں دی جارہی ہیں ، تفصیلات کے مطابق پریڈی تھانے کی حدود رتن تلاؤ فریئر مارکیٹ کے ایم سی اسکول کے قریب فٹ پاتھ پر لینڈ مافیا کے کارندوں نے قبضہ کرکے چار دیواری تعمیرکردی ہے۔

علاقے سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق کے ایم سی اسکول کے قریب سبزی کا ٹھیلا لگانے کی آڑ میں قبضہ مافیا نے علاقے کی فٹ پاتھ پر قبضہ کرلیا اور نالے کے ساتھ والی جگہ ایک ہوٹل والے کوہزاروں روپے کرایے پر دے دی ہے، پولیس ذرائع کے مطابق لینڈ مافیا نے فٹ پاتھ پر چار دیواری تعمیرکرلی اور چار دیواری کے اندر5دکانیں غیرقانونی طور پر تعمیرکرنا شروع کردیں، پولیس ذرائع کے مطابق گذشتہ رات ہی دکانوں کی چھت ڈالی گئی ہے،علاقے کے لوگوںکی جانب سے احتجاج کرنے پر انھیں نہ صرف قبضہ مافیا کی جانب سے بلکہ پولیس کی جانب سے بھی سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ فٹ پردکانوں کی غیرقانونی تعمیرسے مارکیٹ کی اندرونی سڑکوں پر ٹریفک کے مسائل میں بھی اضافہ ہوجائے گا،پولیس ذرائع نے بتایا کہ غیر قانونی دکانوںکی تعمیرمیں مبینہ طور پر ایس ایچ او پریڈی اور کے ایم سی کے لینڈ ڈپا رٹمنٹ کا ایک اہلکار ملوث ہے جس نے لینڈ مافیا سے ملی بھگت کرکے دکانیں تعمیر کرادی ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ قبضہ مافیا نے گذشتہ3ماہ کے دوران رتن تلاؤگلی نمبر3کے ایم سی اسکول کی دیوارکے ساتھ اس سے قبل بھی درجنوں دکانیں بنائی ہیں اور مزید5دکانوںکی تعمیر سے150فٹ روڈ کو گھیر کر70فٹ تک گھیر لیا گیا ہے جس سے علاقے کے لوگوں اور گاڑیوں کی آمد ورفت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

علاقے کے لوگوں کا کہنا ہے کہ اس سے قبل کے ایم سی اسکول سے متصل کچرا کنڈی اور نالے پر درجنوں دکانیں اور تجاوزات قا ئم کی جاچکی ہیں ، علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ بارش کے دوران نالے پر قائم تجاوزات کے باعث فریئر مارکیٹ اور اکبر روڈکی گلیوں میں برساتی پانی بھرجاتا ہے اورلوگوں کو کئی کئی روز مشکلات کاسامنا کرنا پڑتا ہے، اس سلسلے میں پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ قبضہ مافیا کے کارندوں نے تمام کام پولیس کی ملی بھگت سے کیا ہے اور رات کے اندھیرے میں غیرقانونی قائم کی جانے والی دکانوںکی چھت ڈال دی گئی ہے اور تعمیراتی کام مسلسل جاری ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے