ورلڈ کپ کوالیفائر شکست خوردہ ہاکی اسکواڈ پر اعتماد برقرار

آئرلینڈ سے ہارکے باوجود تبدیلی ہو گی نہ سینئرز کو واپس بلائیں گے، پلیئرز کو غلطیوں سے سیکھنا ہوگا


Sports Desk June 07, 2017
آئرلینڈ سے ہارکے باوجود تبدیلی ہو گی نہ سینئرز کو واپس بلائیں گے، پلیئرز کو غلطیوں سے سیکھنا ہو گا (شہباز ) جونیئرآئرش ٹیم سے 2میچز بھی شیڈول فوٹو: فائل

آئرلینڈ کے ہاتھوں سیریز میں شکست کے باوجود پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ورلڈ کپ کوالیفائنگ رائونڈ کیلیے قومی اسکواڈ کو تبدیل نہ کرنے کا عندیہ دیدیا، سیکریٹری فیڈریشن شہباز احمد سینئر کا کہنا ہے کہ ٹیم میں کوئی تبدیلی کی جائیگی اور نہ ہی سینئرز کو واپس بلایا جائیگا۔

میڈیا سے بات چیت میں ان کا کہنا ہے کہ آئر لینڈ کے ہاتھوں شکست خبردار کرنے کیلیے کافی ہے ، کھلاڑیوں کو غلطیوں سے سیکھنا ہو گا۔ یاد رہے کہ انگلینڈ میں رواں ماہ شیڈول ہاکی ورلڈ لیگ کی بھرپور تیاری کیلیے آئرلینڈ میں موجود ہے۔ عبدالحسیم خان قومی ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں جبکہ دوسرے کھلاڑیوں میں امجد علی، مظہر عباس، نواز اشفاق، علیم بلال، ابوبکر محمود، محمد رضوان جونیئر، عاطف مشتاق، تصور عباس، عماد شکیل بٹ، عمر بھٹہ، محمد عرفان جونیئر، ارسلان قادر، علی شان، محمد دلبر، اعجاز احمد، اظفر یعقوب اور عمیر سرفراز شامل ہیں۔ پاکستان ٹیم نے آئرلینڈ کیخلاف تین میچوں کی سیریز میں حصہ لیا جس میں گرین شرٹس کو0-2 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، پہلا مقابلہ 2-2 گول سے برابر رہا تاہم دوسرے اور تیسرے میچ میں پاکستان کو2-3 سے ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا۔ ذرائع کے مطابق قومی ٹیم اب آئر لینڈ انڈر 21 ہاکی ٹیم کے ساتھ دو میچوں کی سیریز کھیلے گی۔

جس کے بعد 7 اور 8 جون کو تربیتی کیمپ لگایا جائیگا جس میں آئر لینڈ کی سینئر و جونیئر ٹیموں کیخلاف سیریز کے دوران نظر آنے والی خامیوں کو دور کرنے کی کوشش کی جائیگی، ذرائع کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کو میچ فنشنگ میں مسائل کا سامنا ہے جس پر خصوصی توجہ دی جائیگی۔ مزید معلوم ہوا ہے کہ قومی ٹیم آئر لینڈ کا دورہ مکمل کرنے کے بعد 10 جون کو لندن جائیگی، ٹیم مینجمنٹ کی کوشش ہے کہ ورلڈ کپ کوالیفائنگ رائونڈ شروع ہونے سے قبل ایک یا دو ٹیموں کے ساتھ پریکٹس میچز کھیل لیے جائیں، اس مہم میں کامیابی نہ ملنے کی صورت میں کھلاڑیوں کا ایک بار پھر گوروں کی سرزمین پر کیمپ لگایا جائیگا جس میں تیاریوںکو حتمی شکل دی جائے گی۔

قومی ٹیم میگا ایونٹ میں افتتاحی میچ 15 جون کو ہالینڈ کے خلاف کھیلے گی، اگلے روز گرین شرٹس کا مقابلہ کینیڈا کے ساتھ شیڈول ہے، 18 جون کوپاکستانی ٹیم روایتی حریف بھارت کے خلاف میدان میں اترے گی جبکہ 19 مئی کو پاکستان کا مقابلہ اسکاٹ لینڈ کے ساتھ رکھا گیا ہے، ایونٹ کے کوارٹر فائنل مقابلے 22 جون جبکہ سیمی فائنل میچز 24 جون کو ہوں گے، فائنل 25 جون کو شیڈول ہے۔ سیکریٹری پی ایچ ایف نے کہا کہ اس وقت ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی جا رہی اور نہ ہی سینئرز میں کسی کو واپس بلایا جارہا ہے، آئرلینڈ کا دورہ کرنے والی ٹیم ہی ہاکی ورلڈ لیگ میں ملک کی نمائندگی کرے گی۔

مقبول خبریں