پروٹیز کے ’’خود کش رن آؤٹس‘‘ پر چہ مگوئیاں شروع

بھارت سے میچ میں ڈی ویلیئرزاورڈیوڈ ملر کو پویلین بھجوانے والے ڈوپلیسی کی معافی


Sports Desk June 13, 2017
بھارت سے میچ میں ڈی ویلیئرزاورڈیوڈ ملرکوپویلین بھجوانے والے ڈوپلیسی کی معافی۔ فوٹو : فائل

بھارت کیخلاف پروٹیز بیٹسمینوں کے ''خود کش رن آؤٹس'' پرچہ مگوئیاں جاری ہیں۔

چیمپئنز ٹرافی گروپ بی سے سیمی فائنل میں جگہ بنانے کیلیے جنوبی افریقہ کو بھارت پرلازمی فتح درکار تھی، مگر اس اہم ترین مقابلے میں سینئر ترین کھلاڑیوں کے عجیب و غریب انداز میں رن آؤٹ ہونے پر شکوک سامنے آ گئے، خود بھارتی کپتان ویرات کوہلی بھی حریف سائیڈ کے اس انداز میں وکٹیں گنوانے پر حیران ہیں۔

مجموعی طور پر تین کھلاڑی رن آؤٹ ہوئے،ان میں 2 اہم ترین بیٹسمینوں کو پویلین واپس بھیجنے میں فاف ڈو پلیسی کا ہاتھ رہا، انھوں نے رویندرا جڈیجا کی گیند پر پوائنٹ کی جانب شاٹ کھیل کرفوراً بھاگتے ہوئے اپنے پارٹنر ڈی ویلیئرز کو سنگل لینے کا اشارہ کیا، کپتان نے بھی اس کال کا جواب دیا مگر ان کے کریز تک پہنچنے سے قبل ہی ہردیک پانڈیا کی تھرو پر دھونی نے گیند تھام کر بیلز گرا دیں،5 بالز بعد ڈوپلیسی نے ڈیوڈ ملر کر بھی رن آؤٹ کرا دیا۔

ملر نے اس بار انھیں سنگل کی کال دی، وہ آگے بڑھے مگر پھر ان کا ذہن تبدیل ہوا اور واپس کریز کی جانب پلٹے، اتنے میں ملر بھی بھاگتے ہوئے کریز تک پہنچ گئے، پھر دونوں کے درمیان ایک ہی اینڈ تک پہنچنے کی دوڑ شروع ہوئی جس میں ڈو پلیسی کامیاب رہے، اس طرح ملر کو پویلین واپس لوٹنا پڑا۔

بعد ازاں میڈیا سے بات چیت میں ڈوپلیسی نے خاص طور پر ڈی ویلیئرز کو رن آؤٹ کرانے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے معافی مانگ لی۔ ادھر بھارتی کپتان کوہلی نے کہاکہ ڈی ویلیئرز اورڈیوڈ ملر کا رن آؤٹ ہی ہمارے لیے ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوا کیونکہ یہ دونوں کھلاڑی مجموعے کو 300 کے پاس لے جانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

دوسری جانب ڈی ویلیئرز نے کہاکہ وہ اب بھی ایک روزہ ٹیم کی قیادت سنبھالنے کیلیے موزوں ترین ہیں، شکست کے حوالے سے انھوں نے کہاکہ ہم نے کیمپ بھی لگایا، ماہرین نفسیات سے سیشنز بھی ہوئے، تیاریاں بھرپور تھیں، ہماری ناکامی میں کسی نفسیاتی گرہ کا عمل دخل نہیں بلکہ ہم بُرا کھیلے اسی وجہ سے ہار گئے۔

مقبول خبریں