کارگل کے ذمے دار جرنیلوں کیخلاف کارروائی کرینگے،ن لیگ

خبر ایجنسیاں  ہفتہ 2 فروری 2013
مشرف غلط بیانی سے کام لے رہے ہیں، نوازشریف کی منتیں کرکے جنگ بندی کرائی ،راجہ ظفرالحق۔ فوٹو: فائل

مشرف غلط بیانی سے کام لے رہے ہیں، نوازشریف کی منتیں کرکے جنگ بندی کرائی ،راجہ ظفرالحق۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) نے اعلان کیا ہے کہ حکومت میں آنے کے بعد میثاق جمہوریت کی روح کے مطابق کارگل فوجی آپریشن سمیت تمام اہم قومی سانحات کے بارے میں کمیشن قائم کیا جائیگا جو حقائق عوام کے سامنے لائے گا۔

جنرل مشرف کارگل آپریشن کے بارے میں قوم کو گمراہ کررہے ہیں اور اپنی ناکامی کا ملبہ اس وقت کی سویلین حکومت پر ڈال رہے ہیں۔ گزشتہ روز مسلم لیگ ن کے چیئرمین راجہ ظفرالحق، اسحق ڈار، ظفر علی شاہ، چوہدری جعفر اقبال اور دیگر رہنمائوں نے پریس کانفرنس میں کہا کارگل کی حقیقت یہ ہے کہ جنرل مشرف نے صرف چار افراد کو اعتماد میں لیکر کارگل کا آپریشن شروع کردیا تھا، بعد میں وزیراعظم نوازشریف کو مجبور کرکے امریکا کے ذریعے جنگ بندی کرائی گئی۔

 

3

جنرل مشرف نوازشریف کی امریکا روانگی کے وقت لاہور ایئرپورٹ پر منتیں کرتے رہے کہ کسی طرح جنگ بندی کراکے آیئے گا، اب مشرف کارگل آپریشن کے بارے میں غلط بیانی سے کام لے رہے ہیں، راجہ ظفرالحق نے کہا کہ گزشتہ دنوں مشرف نے اپنے ایک انٹرویو میں دعویٰ کیا کہ اس واقعے پر راجہ ظفرالحق سے پوچھ لیا جائے۔

اسحق ڈار نے کہا کہ جب بھی ن لیگ کی حکومت آئی تو یہ کمیشن قائم کیا جائیگا اور جنرل پرویز مشرف سمیت دیگر فوجی جرنیلوں کو قومی سنگین جرائم کی پاداش میں جوابدہ ٹھہرایا جائیگا اور مشرف کے خلاف کارروائی کی جائیگی۔مجوزہ کمیشن کی رپورٹ حمود الرحمن کمیشن کی طرح عوام سے مخفی نہیں رکھی جائے گی بلکہ اس کو شائع کیا جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔