شکیب منفرد ریکارڈ میں ہیڈلی کے ساجھے دار بن گئے

بنگلا دیشی اسپنر نے 1ٹیسٹ میں 10 وکٹیں اور ففٹی بنانے والے دوسرے کرکٹر کا اعزاز پایا


Sports Desk August 31, 2017
ففٹی ٹیسٹ میچ کودس شکارسے یادگار بنانے والے پانچویں کھلاڑی بھی بن گئے فوٹو : فائل

شکیب الحسن منفرد ریکارڈ میں رچرڈ ہیڈلی کے ساجھے دار بن گئے، ایک ٹیسٹ میں 10 وکٹیں اور ففٹی اسکور کرنے کا کارنامہ ایک سے زائد مرتبہ انجام دینے والے دنیا کے دوسرے کھلاڑی کا اعزاز حاصل کرلیا، ففٹی ٹیسٹ میچ کودس شکار سے یادگار بنانے والے پانچویں کھلاڑی بھی بن گئے۔

تفصیلات کے مطابق شکیب الحسن نے آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں 10 وکٹیں لینے کے ساتھ 84 رنز بناکر بنگلہ دیش کی تاریخی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا اس کے ساتھ خود بھی کئی ریکارڈز کے مالک بن گئے، یہ ٹیسٹ تاریخ میں دوسرا موقع ہے جب کسی کھلاڑی نے ایک ہی میچ میں ففٹی اسکور کرنے کے ساتھ 10 وکٹوں کا کارنامہ ایک سے زائد مرتبہ انجام دیا ہے، اس معاملے میں شکیب الحسن نے رچرڈ ہیڈلے کو منفرد کلب میں جوائن کیا ہے، نیوزی لینڈ کے سابق عظیم آل رائونڈر نے یہ کارنامہ تین مرتبہ انجام دیا تھا جبکہ شکیب الحسن دوسری مرتبہ یہ اعزاز حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں، وہ آسٹریلیا کے خلاف یہ کارنامہ انجام دینے والے مجموعی طور پر چھٹے کھلاڑی ہیں۔

شکیب الحسن نے یہ اعزاز اپنے 50 ویں میچ میں حاصل کیا، اس طرح وہ ففٹی میچ کو 10 وکٹوں اور 50 پلس اسکور سے یادگار بنانے والے پانچویں کرکٹر بن گئے ہیں، ان سے قبل یہ اعزاز ٹریور بیلی، رچرڈ ہیڈلی، متیاہ مرلی دھرن اور ہربھجن سنگھ کو حاصل ہوچکا ہے، یہ دوسرا موقع ہے جب شکیب الحسن نے ایک ٹیسٹ میں 10 یا اس سے زائد وکٹوں کا کارنامہ انجام دیا ہے، اس سے قبل انھوں نے 2014 میں کھلنا میں زمبابوے کے خلاف 124رنز دے کر 10 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ یہ بنگلہ دیش کی اپنے 101 ٹیسٹ میچز میں مجموعی طور پر 10 ویں کامیابی اور آسٹریلیا اس کا پانچواں حریف ہے جس کے خلاف طویل طرز میں اس نے فتح پائی ہے، زمبابوے کو اس نے سب سے زیادہ 5 اور ویسٹ انڈیز کو دو بار زیر کیا جبکہ انگلینڈ اور سری لنکا کے خلاف ایک ایک مرتبہ کامیابی حاصل کی۔

مقبول خبریں