پاک، بھارت سیریز کے لیے معاہدے کی شرائط تیار

میاں اصغر سلیمی / اسپورٹس رپورٹر  منگل 19 فروری 2013
وعدے پر پورا نہ اترنے والی فیڈریشن پر 2 کروڑ روپے بطور ہرجانہ عائد کرنے کی تجویز۔  فوٹو : فائل

وعدے پر پورا نہ اترنے والی فیڈریشن پر 2 کروڑ روپے بطور ہرجانہ عائد کرنے کی تجویز۔ فوٹو : فائل

لاہور: پاکستان ہاکی فیڈریشن نے پاک، بھارت سیریز کیلیے معاہدے کی شرائط تیار کر لیں، وعدے پر پورا نہ اترنے والی فیڈریشن پر 2 کروڑ روپے بطور ہرجانہ عائدکرنے کی تجویز دی گئی ہے، پہلے گرین شرٹس پڑوسی ملک کا دورہ کریں گے۔

یاد رہے کہ 7 سال بعد پاکستان اور بھارت کے ہاکی حکام مارچ، اپریل میں دو طرفہ سیریز پر متفق ہوئے ہیں،ذرائع کا کہنا ہے کہ فریقین کے مابین طے پانے والے سمجھوتے کے مطابق پہلے مرحلے میں پاکستانی ہاکی ٹیم بھارت جائے گی،دوسرے مرحلے میں روایتی حریف کو پاکستان کا دورہ کرنا ہوگا، دونوں ممالک کی ہاکی فیڈریشنز کے درمیان تیسرے فریق ایف آئی ایچ کی موجودگی میں ایک سمجھوتہ طے پانا چاہیے جس کی رو سے معاہدے پر پورا نہ اترنے والی ٹیم کو زرتلافی کے طور پر جرمانہ ادا کرنا پڑے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کی طرف سے تیارکردہ مسودے میں موقف اختیار کیا گیا کہ دو طرفہ سیریز کے کامیاب انعقاد کیلیے پی ایچ ایف کو انڈیا ہاکی پر تو بھروسہ ہے لیکن بھارتی حکومت پراعتبار نہیں، وہ کوئی بھی جواز دے کر اپنی ٹیم کو پاکستان آنے سے روک سکتی ہے۔ خط میں لکھا گیا کہ پہلے مرحلے میں بھارتی ٹیم پاکستان آئے جبکہ دوسرے مرحلے میں پاکستانی ٹیم بھارت کی مہمان بنے گی۔

پاکستان اور بھارت کی ہاکی فیڈریشنز کے ساتھ ایف آئی ایچ کو بھی سمجھوتے میں شامل کرنے کیلیے کہا گیا ہے تاکہ سیریز کا دو طرفہ انعقاد ہر حال میں ہو، ذرائع کے مطابق پی ایچ ایف کی طرف سے اس جرمانہ کی رقم 2 لاکھ ڈالر (2 کروڑپاکستانی روپے) بنتی ہے۔ دوسری جانب سیکریٹری پی ایچ ایف محمد آصف باجوہ نے کہا کہ دو روز قبل صدر پی ایچ ایف قاسم ضیا کی انڈیا ہاکی کے نریندرا بٹرا سے بات ہوئی جس میں طے پایا ہے کہ سیریز شیڈول کے مطابق ہوگی،انھوں نے تصدیق کی کہ پاک بھارت سیریز کے کامیاب انعقاد کیلیے کسی تیسرے فریق کو شامل کر کے زرتلافی کی شرط رکھ سکتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔