مریم نواز اور کیپٹن صفدر وطن واپس پہنچ گئے

مریم نواز اور کیپٹن صفدر لندن سے براستہ دوحہ اسلام آباد پہنچے


ویب ڈیسک October 09, 2017
مریم نواز اور کیپٹن صفدر لندن سے براستہ دوحہ اسلام آباد پہنچے۔ فوٹو: فائل

سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز اور ان کے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر عباسی لندن سے وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔

مریم نواز اور کیپٹن صفدر قطر ایئر لائن کی پرواز کیو آر 612 کے ذریعے لندن سے براستہ دوحہ اسلام آباد کے بے نظیر بھٹو ایئرپورٹ پہنچے۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے بھی انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے جب کہ ایئرپورٹ پر (ن) لیگی رہنماؤں کے علاوہ کارکنوں کی بڑی تعداد بھی موجود ہے۔

مریم نواز اور کیپٹن صفدر کے استقبال کے لئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما طارق فضل چوہدری، آصف کرمانی، پرویز رشید، طلال چوہدری، مائزہ حمید، دانیال عزیز اور دیگر بھی ایئرپورٹ پر موجود تھے۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما آصف کرمانی کا کہنا تھا کہ ہم تمام مقدمات کا عدالتوں میں سامنا کریں گے اور اسی وجہ سے مریم نواز اور کیپٹن صفدر بھی لندن سے وطن واپس آئے ہیں۔

واضح رہے کہ احتساب عدالت نے نیب ریفرنسز کیس میں مریم نواز کے قابل ضمانت جب کہ کیپٹن صفدر کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر رکھے ہیں جب کہ ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں میاں بیوی آج احتساب عدالت میں پیش ہوں گے۔

مقبول خبریں