الیکشن کمیشن میں نواز شریف کیخلاف درخواستوں کی سماعت آج ہوگی

چیف الیکشن کمشنر جسٹس سردار رضا کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کا 5 رکنی بینچ سماعت کرے گا۔


Numainda Express October 18, 2017
چیف الیکشن کمشنر جسٹس سردار رضا کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کا 5 رکنی بینچ سماعت کرے گا۔فوٹو : فائل

الیکشن کمیشن میں سابق وزیراعظم اور ن لیگ کے صدر نواز شریف کیخلاف تحریک انصاف اور عوامی تحریک سمیت دیگر درخواستوں کی سماعت آج ہو گی۔

چیف الیکشن کمشنر جسٹس سردار رضا کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کا 5 رکنی بینچ سماعت کرے گا۔ نواز شریف کیخلاف تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد، پاکستان عوامی تحریک کے رہنما خرم نواز گنڈاپور، ممبر اسلام آباد بار ایسوسی ایشن مخدوم نیاز انقلابی اور رئیس عبدالواحد کی دائر کردہ درخواستوں کی سماعت کی جائے گی۔

الیکشن کمیشن میں چیف الیکشن کمشنر جسٹس سردار رضا کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ نے پاکستان تحریک انصاف کے انٹراپارٹی انتخابات کالعدم قرار دینے سے متعلق درخواست گزار یوسف علی کی دائر درخواست کی سماعت کی۔ اس موقع پر تحریک انصاف کے وکیل بابراعوان نے پارٹی کے چیف الیکشن کمشنر سینیٹر اعظم خان سواتی کی مصروفیات کے باعث انٹرا پارٹی انتخابات سے متعلق کیس ملتوی کرنے کی استدعا کر دی، جس پر الیکشن کمیشن نے کیس کی مزید سماعت 8 نومبر تک ملتوی کر دی۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن نے 7 دسمبر 2017ء کو قومی ووٹرز ڈے کے طور پر منانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس سلسلے میں منگل کو سیکریٹری الیکشن کمیشن کی سربراہی میں اہم اجلاس ہوا، جس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ پچھلے سال کی طرح اس سال بھی نیشنل ووٹرز ڈے7دسمبر کو پورے جوش و خروش کے ساتھ منایا جائے گا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اس ضمن میں منگل کو ہی سمری وزیراعظم ہاؤس بھجوائی تاکہ ایوان صدر میں 7 دسمبر2017ء کو نیشنل ووٹرز ڈے کے حوالے سے ہونے والے پروگرام میں صدر مملکت اسلامی جمہوریہ پاکستان سے منظوری کی درخواست کی جائے۔

اس دن کی مرکزی تقریب میں صدر پاکستان مہمان خصوصی ہوں گے اور چیف الیکشن کمشنر اور سیکریٹری الیکشن کمیشن سمیت الیکشن کمیشن کے اعلیٰ عہدیداران اور اسلام آباد کے تمام سرکردہ افسران شریک ہوں گے۔ اس کیساتھ ساتھ چاروں صوبائی گورنر ہاؤسز میں صوبائی سطح پر تقریبات منعقد کی جائیں گی۔

مقبول خبریں