کراچی میں مبینہ پولیس مقابلہ فائرنگ کی زد میں آکر بچہ ہلاک

پولیس اور ملزمان میں جھڑپ قائد عوام کالونی میں ہوئی، 10سالہ ریحان نشانہ بن گیا


Staff Reporter November 13, 2017
واقعے پر اہل علاقہ اور بچے کے لواحقین سراپا احتجاج، تھانے کا گھیراؤ، کشیدگی بڑھ گئی۔ فوٹو: فائل

اورنگی ٹاؤن کے علاقے مومن آباد میں پولیس مقابلے کے دوران فائرنگ کی زد میں آکر 10 سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا۔

مومن آباد کے علاقے قائد عوام کالونی میں پولیس مقابلے کے دوران فائرنگ کی زد میں آکر 10 سالہ بچہ ریحان ولد فدا حسین جاں بحق ہوگیا۔ بچے کی لاش عباسی شہید اسپتال پہنچائی گئی۔ واقعے کے بعد علاقہ مکین اور ورثا شدید مشتعل ہوگئے رات گئے علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد نے مومن آباد تھانے کا گھیراؤ کرلیا اور پولیس کے خلاف شدید نعرے بازی کی جب کہ آخری اطلاعات موصول ہونے تک علاقے میں صورتحال کشیدہ تھی اور تھانے کے باہر احتجاج جاری تھا۔

ایس پی اورنگی ٹاؤن عابد بلوچ نے ایکسپریس کو بتایا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق مومن آباد پولیس منشیات فروشوں کی موجودگی کی اطلاع پر گئی تھی کہ وہاں ملزمان نے فائرنگ کردی ، پولیس نے جوابی فائرنگ بھی کی، اسی دوران فائرنگ کی زد میں آکر ریحان ہلاک ہوگیا جب کہ واقعے کی مزید تحقیقات کی جارہی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ بچے کو گولی سینے میں دائیں جانب لگی جوکہ آر پار نہیں ہوئی ، ایکسرے میں دکھائی دینے والی گولی بھی نائن ایم ایم پستول کی معلوم نہیں ہورہی جس سے شبہ ہے کہ گولی کسی بڑے ہتھیار کی ہے۔

 

مقبول خبریں