آئندہ چاروں صوبوں میں ہماری حکومت ہوگی، عمران خان

سب سے بڑا منی لانڈر وزیر خزانہ بنا ہوا ہے، سربراہ تحریک انصاف۔ فوٹو: ایکسپریس

سب سے بڑا منی لانڈر وزیر خزانہ بنا ہوا ہے، سربراہ تحریک انصاف۔ فوٹو: ایکسپریس

 اسلام آباد / فیصل آباد:  تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اگلی بار چاروں صوبوں میں تحریک انصاف کی حکومت ہو گی۔

گزشتہ روز کنونشن سینٹر اسلام آباد میں منعقدہ بلین ٹری سونامی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ بلین ٹری سونامی ملکی مستقبل کیلیے بہت ضروری ہے، مجھے پتہ چلا ٹمبر مافیا نے درخت کاٹے ہیں اور ایک فاریسٹ گارڈ کو قتل کیا ہے، خیبرپختونخوا میں ٹمبر مافیا کو شکست دی، فاریسٹ گارڈز کو آج ترقیاں ملیں، یہ آپ کا حق ہے، ایک ارب 18کروڑ درخت لگانا بہت بڑا چیلنج تھا، یہ ترقی اشتہاروں میں نہیں زمین پر ہوئی ہے، سن سن کر تھک گئے ہیں کہ ہماری بیوروکریسی کچھ نہیں کر سکتی، یہ ہمارے ہی لوگ ہیں جنھوں نے کام کیا ہے، انہوں نے بتایا کہ بیوروکریسی کو صحیح استعمال کریں تو باہر سے کسی کو بلانے کی ضرورت نہ پڑے، لاہور کے 20میں سے 19ڈاکٹرز نے کہا کہ یہاں کینسر اسپتال نہیں بن سکتا، جب آپ مخلص ہوں اللہ مدد دیتا ہے، شوکت خانم اسپتال 500کروڑ روپے سالانہ غریبوں کے علاج پر خرچ کرتا ہے۔

عمران نے کہا کہ کامیابی کا راز یہ ہے کہ انسان بڑا خواب دیکھے، جب آپ بڑے خواب دیکھتے ہیں پھر آپ واپسی کا نہیں سوچتے، ہارتا انسان تب ہے جب وہ اپنے خواب پر سمجھوتہ کرتا ہے، شوکت خانم اسپتال میں 75فیصد مریضوں کا مفت علاج ہوتا ہے، ملک تب ترقی کرتا ہے جب حکومت آگے کا سوچتی ہے،انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی اور آلودگی ہمارے بڑے مسئلے ہیں، قوم نے فیصلہ نہ کیا تو آگے تباہی ہے، پاکستان گلوبل وارمنگ سے متاثر ہونے والے ممالک میں ساتویں نمبر پر ہے، اس کا ایک ہی حل ہے کہ ملک میں درخت لگائے جائیں۔

سربراہ تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کا ماڈل پورے پاکستان پر نافذ کیا جا سکتا ہے، بڑھتی ہوئی آلودگی لوگوں کی زندگیوں کیلیے بڑا خطرہ ہے، لاہور آلودگی میں دہلی سے بھی آگے نکل گیا ہے، شہروں میں بھی درخت لگانے ہوں گے، عمران خان نے کہاکہ پاکستان میں کوئی ریزرو فاریسٹ نہیں بنا، ریزرو فاریسٹ انگریز دور کے ہیں، ہم ریزرو فاریسٹ بنانے لگے ہیں، ہمارے سلیبس میں بھی آلودگی سے متعلق شعور دیا جائے گا، ہم نے اپنے بچوں کو ابھی سے تیار کرنا ہے، 5 ہزار گلیشیر لیکس ہمارے پہاڑوں پر بن چکی ہیں، یہاں سب اگلے الیکشنز کا سوچتے ہیں ملک کا کوئی نہیں سوچتا، خیبر پختونخوا میں 4ہل اسٹیشن عوام کیلیے کھولنے لگے ہیں، ٹورازم سے لوگوں کو روزگار بھی ملے گا۔

عمران خان نے کہا کہ آج ایک چارٹر کا اعلان کرنے جا رہے ہیں، اگلی بار چاروں صوبوں میں تحریک انصاف کی حکومت ہو گی، پورے ملک میں درخت لگائیں گے۔

وزیراعلیٰ کے پی کے پرویز خٹک نے کہا کہ اس منصوبے کیلیے ٹمبر مافیا سے بھی جنگ لڑنا پڑی، لگتا تھا شاید ہم فیل ہو جائیں گے، عمران خان نے ہمیں بے شمار ٹارگٹس دے رکھے ہیں۔ اگر کوئی چیلنج کرے تو ہم سروے کروانے کو تیار ہیں، وزیراعلیٰ نے بلین ٹری سونامی منصوبے کے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کا اعلان بھی کیا۔

جہانگیر ترین نے کہا کہ پلاسٹک شاپنگ بیگ کو ختم کرنے کا حل خیبرپختونخوا نے نکال لیا، وہاں یونین کونسلز خود مختار ہیں، ہم نے گراس روٹ پر اختیارات دیے ہیں، خیبر پختونخوا سے سیکھیں کہ تبدیلی کیسے آتی ہے، ملک امین اسلم پروجیکٹ ڈائریکٹر بلین سونامی ٹری نے کہا کہ جنگلات کی شرح صرف 5 فیصد ہے جو کم ازکم 25فیصد ہونی چاہیے۔

مانیٹرنگ ڈیسک کے مطابق عمران خان نے عدالت پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ شفاف انتخابات کیلیے پرامن احتجاج کے دوران دہشت گردی کا کیس بنا دیا گیا، ہمارے خلاف سیاسی بنیادوں پر مقدمات بنائے گئے، اسحٰق ڈار کو تو بہت پہلے مستعفی ہو جانا چاہیے تھا جس پر اربوں روپے کی کرپشن اور منی لانڈرنگ کا مقدمہ ہو وہ کیسے وزیر خزانہ ہو سکتا ہے؟ اس ملک کا سب سے بڑا مسئلہ منی لانڈرنگ ہے، پاکستان سے سالانہ ایک ہزار ارب روپے کی منی لانڈرنگ ہوتی ہے، سب سے بڑا منی لانڈر تو وزیرخزانہ بنا ہوا ہے، اسے اپنے خلاف کیس شروع ہوتے ہی استعفیٰ دے دینا چاہئے تھا۔

دریں اثنا پیپلزپارٹی پنجاب کے سابق صدر اور سابق صوبائی وزیر رانا آفتاب احمد خاں نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی، پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق چیئرمین عمران خان نے انھیں این اے81 سے الیکشن لڑنے کا بھی گرین سگنل دے دیا ہے، رانا آفتاب کی شمولیت کی یہ تقریب بنی گالا میں منعقد ہوئی جہاں انھوں نے عمران خان سے ملاقات کی اور پارٹی میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کیا، اس موقع پر راجا ریاض، رائے حسن نواز، چوہدری علی اختر، ندیم آفتاب سندھو، ڈاکٹر اسد معظم بھی موجود تھے۔

علاوہ ازیں عمران خان سے لیاقت جتوئی نے ملاقات کی اور اس موقع پر جیکب آباد کی سیاسی شخصیت سردار صدام برڑو، عبدالحق برڑو، سابق ناظم نوشہرو فیروز زبیر کوریجو ودیگر رہنماؤں نے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا، عمران خان نے کہا کہ آصف زرداری سے سندھ کے لوگوں کی جان چھڑانے کیلئے میں سندھ آتا رہوں گا۔ سندھ کے لوگ اب باشعور ہو چکے ہیں۔ عمران خان سے بہاولنگر سے پیپلز پارٹی کے ایم پی اے سجاد جتھول نے ملاقات کی اور پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

ایک ٹی وی انٹرویو میں عمران خان نے کہا فیصلے کی کوئی فکر نہیں، جو بھی آیا قبول کروںگا، ایک بھی کاغذ جعلی ہوا تو خود نکل جاؤںگا، ن لیگ میں باغی گروپ بن چکا، ارکان رابطے میں ہیں، مریم نواز کا میڈیا سیل فوج پر حملے کر رہا ہے، مجرم کو پارٹی صدر بنانے کی کہیں مثال نہیں ملتی، اداروں کا ن لیگ اور پیپلز پارٹی کیساتھ رویہ برابر نہ ہونیکا پیپلز پارٹی کا شکوہ درست ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔