راؤ انوار کو جس کے پول کھولنے ہیں کھول دے، وزیراعلیٰ سندھ

ویب ڈیسک  جمعـء 26 جنوری 2018
سب سے زیادہ بہتر حالات سندھ میں ہیں، وزیر اعلیٰ، فوٹو: فائل

سب سے زیادہ بہتر حالات سندھ میں ہیں، وزیر اعلیٰ، فوٹو: فائل

 اسلام آباد: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ معطل ایس ایس پی  راؤ انوار کو پول کھولنی ہے تو کھول دے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اسلام آباد میں پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت کے موقع پر ایک صحافی نے وزیر اعلیٰ سندھ سے روپوش ہونے والے معطل ایس ایس پی راؤ انوار سے متعلق سوالات کیے جس کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ مجھے کچھ نہیں معلوم کہ راؤ انوار کہا ں ہے میں اس متعلق کچھ نہیں جانتا، راؤ انوار کا پتا لگانا پولیس کا کام ہے۔

صحافی نے سوال کیا کہ راؤ انوار کا کہنا ہے کہ پکڑا گیا تو ساری پول کھول دوں گا؟ جس پر وزیر اعلیٰ نے جواب دیا کہ جس کو پول کھولنی ہے کھول دے۔ صوبے میں امن و امان کی صورتحال پر انہوں نے کہا کہ سب سے زیادہ بہتر حالات سندھ میں ہیں، ملک کے دیگر صوبوں کی بہ نسبت سندھ میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: نقیب اللہ کے قتل کا مقدمہ راؤ انوار کے خلاف درج

جب ان سے پوچھا گیا کہ آپ اور وزیر اعلیٰ بلوچستان اکٹھے آئے ہیں تو مراد علی شاہ نے معنی خیز جواب دیتے ہوئے کہا کہ آپ نے صرف سنا ہے لیکن ہم اکٹھے ہی ہیں۔

واضح رہے کہ قبائلی نوجوان نقیب اللہ کی جعلی مقابلے میں ہلاکت کے بعد معطل ہونے والے ایس ایس پی ملیر راؤ انوار نے گرفتاری سے بچنے کے لیے روپوشی اختیار کرلی ہے جنہیں گرفتار کرنے کے لیے سندھ پولیس کی خصوصی ٹیمیں چھاپہ مار کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

یاد رہے کہ نامعلوم مقام سے میڈیا کو دیے گئے ایک بیان میں راؤ انوار نے دھمکی دی تھی کہ اگر انہیں گرفتارکیا گیا تو سب کی پول کھول دیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔