آئرلینڈ اور پاکستان کے تاریخی ٹیسٹ کا مالاہائیڈ میزبان

تاریخ کے اس پہلے ٹیسٹ کی میزبانی ڈبلن کے قریب واقع مالاہائیڈ کلب کریگا۔


Sports Desk November 22, 2017
11سے15مئی تک شیڈول میچ کیلیے میزبان ملک میں جوش وخروش بڑھنے لگا۔ فوٹو: سوشل میڈیا

آئرلینڈ اور پاکستان کے درمیان تاریخی ٹیسٹ کی میزبانی مالاہائیڈ کو مل گئی۔

آئندہ برس مئی میں آئرلینڈ پاکستان کیخلاف تاریخ کا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلے گا، اگرچہ آئرش ٹیم 2006 سے ون ڈے کرکٹ میں حصہ لے رہی ہے تاہم اسے رواں برس جون میں افغانستان کے ساتھ ٹیسٹ اسٹیٹس دیا گیا تھا۔

کرکٹ آئرلینڈ کا کہنا ہے کہ تاریخ کے اس پہلے ٹیسٹ کی میزبانی ڈبلن کے قریب واقع مالاہائیڈ کلب کریگا۔ اس سلسلے میں بیلفاسٹ کا اسٹورمونٹ اور ڈیری کا بریڈی کلب بھی امیدواروں میں شامل تھا تاہم مالاہائیڈ کو شروع سے ہی مضبوط امیدوار سمجھا گیا،آخر میں میزبانی بھی اس کے ہی حصے میں آئی۔

کرکٹ آئرلینڈ کے چیف ایگزیکٹیو وارین ڈیوٹروم نے کہاکہ ہمیں اس بات پر خوشی ہے کہ مالائیڈ نے پاکستان کیخلاف ہمارے اس تاریخی میچ کی میزبانی پر رضامندی ظاہر کردی ہے، اگرچہ اس کلب نے ہمارے چند ہی میچز کا انعقاد کیا تاہم ہمیں یہاں کافی لطف آیا اورکھیلنے کی خوشگوار یادیں موجود ہیں، ہمیں پورا یقین ہے کہ 11 مئی کو شروع ہونے والا میچ بھی یادگار ثابت ہوگا۔

ادھر مالاہائیڈ کے چیئرمین سیارین کیوہین نے کہاکہ ہمارا کلب آئرلینڈ کے اس پہلے ٹیسٹ کی میزبانی کرنے کے حوالے سے کافی خوش ہے، ہم دونوں ہی ٹیموں کو اپنے اس شہر میں خوش آمدید کہنے کے منتظر ہیں، یہ نہ صرف آئرش کرکٹ بلکہ مالاہائیڈ کیلیے بھی بہترین ایونٹ ثابت ہوگا۔

مقبول خبریں