پاکستانی جونیئر کرکٹرز کیویز کا شکار کرنے کیلیے پرُعزم

سیریز کا پہلا میچ آج ہوگا،کوچ کو فتوحات کا تسلسل برقرار رکھنے کا یقین


Sports Desk January 03, 2018
افتتاحی روز پاکستانی ٹیم کو افغانستان کا چیلنج درپیش ہے۔ فوٹو؛ سوشل میڈیا

کینگروز کے بعد پاکستانی جونیئر کرکٹرز کیویز کا شکار کرنے کیلیے پرُعزم ہیں تاہم سیریز کا پہلا میچ آج کھیلا جائیگا۔


جونیئر ورلڈ کپ سے قبل تیاریاں جانچنے کیلیے ہونیوالی سیریز میں پاکستان انڈر 19 ٹیم نے آسٹریلیا کیخلاف 2-0 سے کامیابی حاصل کی، گرین شرٹس پہلے میچ میں سرخرو ہوئے، دوسرا بارش کی وجہ سے نامکمل رہا، تیسرے میں ایک بار پھر مہمان ٹیم نے فتح حاصل کی۔


یاد رہے کہ میگا ایونٹ سے قبل دوسری سیریز میں پاکستان کو ورلڈ کپ میزبان نیوزی لینڈ کیخلاف 2میچز کھیلنا ہیں، پہلا آج کو کرائسٹ چرچ میں کھیلا جائیگا، دوسرا مقابلہ جمعے کو شیڈول ہے۔


پاکستان ٹیم کی امیدیں کینگروز کیخلاف تیسرے میچ میں سنچری بنانے والے اوپنر زید عالم سے وابستہ ہونگی، علی زریاب تسلسل سے رنز اسکور کرتے رہے ہیں، سعد خان اور روحیل نذیر بھی اچھی فارم میں ہیں، بولرز ارشد اقبال، موسٰی خان، شاہین آفریدی اور سلمان شفقات نے کینگروز کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دیا، یہ سب بھی کیویز کے دفاع میں شگاف ڈالنے کیلیے بے تاب ہیں۔

دوسری جانب ہیڈ کوچ منصور رانا نے کہاکہ گرین شرٹس کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہوچکے، بیٹسمین فارم اور بولرز ردھم میں نظر آرہے ہیں،ہم نیوزی لینڈ کیخلاف بھی فتوحات کا تسلسل برقرار رکھنے کیلیے پُرعزم ہیں،واضح رہے کہ ورلڈ کپ کا آغاز 13 جنوری کو ہو گا، افتتاحی روز پاکستانی ٹیم کو افغانستان کا چیلنج درپیش ہے تاہم اس سے قبل گرین شرٹس 8جنوری کو نمیبیا اور 10کو بنگلادیش کیخلاف وارم اپ میچز بھی کھیلیں گے۔

مقبول خبریں