بنائیے اپنی پسند کے ذائقہ دار کھانے

غزالہ عامر  پير 5 فروری 2018
بنائیے اپنی پسند کے ذائقہ دار کھانے۔ فوٹو: فائل

بنائیے اپنی پسند کے ذائقہ دار کھانے۔ فوٹو: فائل

اورنج چکن

اجزا

مرغ کا گوشت: سینے کے دو درمیانے سائز کے حصے، بوٹیاں بنوالیں
شملہ مرچ: دو عدد ( ایک سبز اور ایک لال، کاٹ کر ٹکڑے کرلیں )
ہری مرچ: تین عدد ( سبز اور سفید حصے الگ الگ کاٹ لیں )
براؤن شوگر: دو چائے کے چمچے
لہسن: تین عدد ، کچل لیں
ادرک ( باریک کتری ہوئی): نصف چائے کا چمچہ
پسی ہوئی کالی مرچ: نصف چائے کا چمچہ
تیل: تلنے کے لیے
انڈا: ایک عدد، پھینٹ لیں
مکئی کا آٹا: چوتھائی کپ
سفید تِل: نصف چائے کا چمچہ
سوس بنانے کے لیے
سنگترہ یا نارنگی: ایک عدد ( جوس نکال لیں اور چھلکا کدوکش کرلیں )
سرکہ: تین کھانے کے چمچے
سویاسوس: دو کھانے کے چمچے
چلی سوس: ایک کھانے کا چمچہ
نمک: حسب ذائقہ
مرغ کی یخنی: چوتھائی کپ ( اگر چاہیں )

ترکیب:

’سوس بنانے کے لیے‘ کے ذیل میں دیے گئے تمام اجزا باہم ملالیں اور پھینٹ کر آمیزہ یا سوس بنالیں۔  ایک پیالے میں گوشت، ایک چٹکی نمک اور بنائی گئی سوس کی  تقریباً چوتھائی مقدار ڈال دیں۔ اچھی طرح ملائیں اور آدھے گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔

آدھے گھنٹے کے بعد ایک کڑاہی میں تیل گرم ہونے کے لیے رکھ دیں۔ جب تک تیل گرم ہو، سوس میں سے چکن کے ٹکڑے باہر نکال لیں۔ اس دوران تیل کڑکڑانے لگا۔ اب گوشت کی بوٹیاں پہلے پھینٹے ہوئے انڈے اور پھر مکئی کے آٹے میں ڈبو کر کڑاہی میں ڈالتے جائیں۔ سنہرا ہونے تک تلیں، پھر نکال کر ایک طرف رکھ دیں۔

ایک دوسرے برتن میں دو کھانے کے چمچے تیل گرم کریں۔ اس میں لہسن اور ادرک ڈال دیں۔ ایک منٹ تک بُھونیں، اس کے بعد ہری پیاز کے سفید حصے کے ٹکڑے کڑاہی میں ڈال دیں۔ مزید ایک منٹ بُھونیں اور پھر باقی سوس، شکر اور کالی مرچ ڈال کر پکنے کے لیے چھوڑ دیں۔ جب یہ آمیزہ اُبلنے لگے تو اس میں بوٹیاں اور کٹی ہوئی شملہ مرچ ڈال دیں۔ آنچ تیز کردیں اور تمام اجزا کو اچھی طرح ملائیں۔ دو سے چار منٹ تک پکانے کے بعد، جب پانی خشک ہوجائے تو چولھا بند کردیں۔ مزیدار اورنج چکن تیار ہے۔ سفید تل اور ہری پیاز کے سبز ٹکڑوں سے سجا کر پیش کریں۔

نوٹ: فرائی کرتے ہوئے بوٹیاں اچھی طرح تلیں، یہاں تک کہ گل جائیں۔ سوس میں زیادہ دیر تک پکانے سے ان کا خستہ پن جاتا رہتا ہے۔

چکن لولی پوپ

اجزا

چکن لولی پوپ: تین سو گرام ( رانیں لے کر ان کے درمیانی حصے سے گوشت صاف کردیں۔ اس طرح یہ لولی پوپ کی شکل اختیار کرلیں گی)
میدہ: پچاس گرام
مکئی کا آٹا: پچیس گرام
پسی ہوئی کالی مرچ: نصف چائے کا چمچہ
لہسن ادرک کا پیسٹ: ایک کھانے کا چمچہ
پسی ہوئی سرخ مرچ: ڈیڑھ چائے کا چمچہ
سویا سوس: تین چائے کے چمچے
شیزوان سوس: ایک کھانے کا چمچہ
ٹماٹوسوس: ڈیرھ کھانے کا چمچہ
لہسن کے جوے: آٹھ سے دس عدد ( باریک کاٹ لیں )
ہری پیاز: ایک عدد، چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کرلیں
کھانے کا تیل: ایک پاؤ
نمک: حسب ذائقہ

ترکیب:

مسالا بنانے کے لیے

ایک پیالے میں مرغ کی رانیں ڈال کر اس میں نصف چائے کا چمچہ پسی ہوئی سرخ مرچ، کالی مرچ، لہسن ادرک کا پیسٹ، ایک چائے کا چمچہ سویاسوس اور نصف چائے کا چمچہ نمک ڈال دیں اور اچھی طرح مکس کریں۔ اب پیالہ ڈھک کر آدھے گھنٹے کے لیے چھوڑ دیں۔

پھینٹنے کے لیے

ایک پیالہ لیں اور اس میں میدہ، مکئی کا آٹا، پسی ہوئی سرخ مرچ اور نمک ڈال دیں۔ تھوڑا سا پانی ڈال کر گاڑھا سا پیسٹ تیار کرلیں۔

تلنے کے لیے

ایک برتن یا فرائی پان میں تیل گرم کریں۔ چکن لولی پوپ میدے، مکئی اور سرخ مرچ کے آمیزے میں ڈبو کو کڑکڑاتے تیل میں ایک ایک کرکے ڈال دیں۔ آنچ دھیمی سے درمیانی رکھیں۔ تلنے کے دوران لولی پوپ یعنی رانوں کو الٹتے پلٹتے رہیں تاکہ ہر طرف سے اچھی طرح تلی جائیں۔

اب ایک برتن میں تھوڑا سال تیل ڈال کر گرم کریں۔ اب اس میں لہسن کے کترے جوے ڈال کر درمیانی آنچ پر آدھا منٹ تک بُھونیں۔ اس کے بعد سویاسوس، شیزوان سوس، ٹماٹوکیچپ اور تھوڑی سی پسی ہوئی سرخ مرچ ڈال کر اچھی طرح ملائیں۔ اب اس میں تلے ہوئے چکن لولی پوپ ڈال کر درمیانی سے تیز آنچ پر اچھی طرح مکس کریں۔ ایک منٹ کے بعد چولھا بند کردیں۔ مزیدار چکن لولی پوپ تیار ہے۔ ہری پیاز ڈال کر پیش کریں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔