پی سی بی نے مکمل چھان بین کیے بغیر سلمان بٹ کو کلین چٹ دے دی

اسپورٹس رپورٹر  منگل 6 فروری 2018
سابق کپتان کا محمڈن سپورٹنگ کلب کیساتھ پورے سیزن کا معاہدہ ہوگیا ہے۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

سابق کپتان کا محمڈن سپورٹنگ کلب کیساتھ پورے سیزن کا معاہدہ ہوگیا ہے۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

 لاہور: پی سی بی نے عجلت کا مظاہرہ کرتے ہوئے عجمان آل اسٹارز لیگ اسکینڈل میں ملوث سلمان بٹ کو معاملے کی مکمل چھان بین کیے بغیر سلمان بٹ کو کلین چٹ دے دی تاہم ابھی آئی سی سی معاملے کی جانچ پڑتال جاری رکھے ہوئے ہے۔

فکسنگ الزامات کی زد میں آنے والی عجمان آل اسٹارز لیگ اسکینڈل میں سلمان بٹ اور دیگر پاکستانی کرکٹرز کے نام بھی سامنے آئے تھے، مشکوک رن اور اسٹمپ آؤٹس کی ویڈیو سامنے آنے پر اوپنر نے وضاحت پیش کی تھی کہ صرف 2میچز میں شرکت کے بعد ہی مشکوک سرگرمیوں کو دیکھتے ہوئے ایونٹ چھوڑکردبئی آگئے تھے، آئی سی سی نے متعلقہ بورڈز کواس نجی لیگ میں شرکت کرنے والوں کی چھان بین کا کہا تھا۔

ذرائع کے مطابق اوپنر نے پی سی بی کو عجمان میں ہونے والی خلاف معمول حرکات سے مطلع کردیا تھا،آئی سی سی حکام نے ان کا انٹرویو بھی کیا، اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل 2010میں 5سال پابندی کے سزا مکمل کرنے والے سابق کپتان قومی ٹیم میں واپسی کی کوشش میں تو ابھی تک کامیاب نہیں ہوسکے، قومی ون ڈے کپ میں لاہورکی ٹیموں میں بھی جگہ نہیں بناسکے، عجمان لیگ میں شکوک کی زد میں آنے کے بعد ان کی لیگز میں شرکت پر بھی سوالیہ نشان لگ چکا تھا، تاہم ان کی گلو خلاصی ہوگئی۔

ادھر ڈھاکا پریمیئر لیگ کیلیے پی سی بی نے سلمان بٹ کو این او سی بھی جاری کردیا ہے، سابق کپتان کا محمڈن سپورٹنگ کلب کیساتھ پورے سیزن کا معاہدہ ہوگیا ہے، ایک انٹرویو میں سلمان بٹ نے کہا ہے کہ طویل عرصہ بعد بنگلہ دیش میں کھیلنے کا موقع ملنا بڑی خوشی کی بات ہے، ڈومیسٹک کرکٹ کے بہترڈھانچے کی بدولت بنگال ٹائیگرز نے اپنے کھیل کے معیار مسلسل بہتر کیا ہے،محمڈن کلب کی پہلے بھی کئی پاکستانی کرکٹرز نمائندگی کرچکے ہیں، شکیب الحسن کی قیادت میں ٹیم بہترین کارکردگی پیش کرے گی۔

محمڈن کلب کے عہدیدار وسیم خان نے کہاکہ ان فارم اوپنر کی شمولیت سے اسکواڈ زیادہ مضبوط اور متوازن ہوا ہے،امید ہے کی ان کی پرفارمنس ٹیم کی فتوحات میں اہم کردارادا کریگی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش میں سلمان بٹ سمیت کسی انٹرنیشنل کرکٹر کے فکسنگ میں ملوث ہونے کے حوالے سے بھی ٹھوس شواہد سامنے نہیں آئے جس کے بعد اوپنرکو ڈھاکا پریمیئر لیگ کیلیے این او سی جاری کردیا۔

یاد رہے کہ عجمان لیگ کے حوالے سے آئی سی سی کی تحقیقات جاری ہیں،گزشتہ دونوں ایک غیر ملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ تفتیش کار بھارت سے تعلق رکھنے والے ایک آرگنائزر اور ایک سطحی قسم کی لیگ کے میچز براہ راست نشر کرنے کے پیچھے محرکات کا جائزہ لینے کے لیے بھارت جانے کا بھی ارادہ رکھتے ہیں،تاہم پی سی بی نے پورے حقائق سامنے آنے سے قبل ہی معاملے کی مکمل چھان بین کیے بغیر سلمان بٹ کو کلین چٹ دے دی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔