سنجیدہ حلقے سری دیوی کی موت کی اصل وجہ جاننے کیلیے بے چین

شوبز رپورٹر  جمعرات 1 مارچ 2018
پہلے ہارٹ اٹیک بتایاگیا پھر حادثاتی موت، کوئی قتل قرار دے، سوال بدستور موجود۔ فوٹو: سوشل میڈیا

پہلے ہارٹ اٹیک بتایاگیا پھر حادثاتی موت، کوئی قتل قرار دے، سوال بدستور موجود۔ فوٹو: سوشل میڈیا

 لاہور:  بھارتی فلموں کی معروف اداکارہ سری دیوی کی آخری رسومات ادا ہونے کے بعد بالی وڈ کے سنجیدہ حلقوں میں ان کی موت کی وجوہات جاننے کی بحث نے زورپکڑ لیا۔

گزشتہ چند روز سے سری دیوی کی موت کی وجہ کوپہلے ہارٹ اٹیک بتایا جارہا تھا، وہیں پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد حادثاتی موت نے سب کو حیران کرنے کے ساتھ ان کی ذہنوں میں بہت سے سوالات کوبھی جنم دیدیا ہے۔

کوئی ان کوشراب کے نشے کا عادی بتارہا تھا توکوئی اس بات کی مکمل تردید کررہا تھا۔ کوئی اس کوقتل قراردے رہا تھا توکوئی حادثہ۔ لیکن گزشتہ روز سری دیوی کی خواہش کے مطابق جس طرح آخری رسومات بھرپورانداز سے ادا ہوئیں اوربالی وڈستاروں کی بڑی تعداد کے علاوہ ان کے چاہنے والوں کی کثیرتعداد بھی آخری رسومات میں شریک ہوئیں۔

اس سے سری دیوی کی عوام میں مقبولیت کا اندازہ لگایا جاسکتا تھالیکن بالی وڈ کے سنجیدہ حلقوں کے مطابق لوگوں کی اتنی بڑی تعدادمیں شرکت کی اصل وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ تھی، جس نے لوگوں کے زہنوں میں نئے شکوک کو جنم دیا۔

دوسری جانب فلم انڈسٹری سے وابستہ فنکار، ہدایتکار، پروڈیوسراور تکنے کار بھی اپنے دفاترمیں بیٹھ کراسی بحث میں پڑے ہیں کہ آخری ایک صحت مند اداکارہ کی اچانک موت کیسے ہوئی۔  پوسٹ مارٹم رپورٹ  کے مطابق  اگریہ حادثاتی موت تھی توپھرپہلے دن دل کا دورہ پڑنے کی خبر کیوں پھیلائی گئی۔

اس کے علاوہ سری دیوی کے شوہربونی کپوراوربیٹی خوشی کپور ان کو اکیلا چھوڑ کر دبئی سے واپس کیوں آئے ؟ یہ وہ سوالات ہیں جس پربالی ووڈ میں بحث جاری ہے اورہرکوئی اپنی سوچ کے مطابق ان سوالات سے مزید سوال اورجواب بنا کرپیش کرنے میں لگا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔