ٹیلنٹ ہنٹنگ مہم کے ذریعے با صلاحیت نوجوانوں کی تلاش وقت کی ضرورت ہے، صنم بخاری

شوبز رپورٹر  بدھ 21 مارچ 2018
ٹی وی چینلز پرپیش کیے جانیوالے پروگراموں نے بالی ووڈ کی کامیابی میں اہم کردارادا کیا‘ اداکارہ 
 فوٹو؛ فائل

ٹی وی چینلز پرپیش کیے جانیوالے پروگراموں نے بالی ووڈ کی کامیابی میں اہم کردارادا کیا‘ اداکارہ فوٹو؛ فائل

 لاہور:  اداکارہ وماڈل صنم بخاری نے کہا ہے کہ کامیابیاں اورناکامیاں زندگی کے ساتھ چلتی رہتی ہیں لیکن کامیابیاں ہمیشہ انہی لوگوں کے قدم چومتی ہیں جواپنی منزل کوپانے کی دھن میں سواررہتے ہیں۔

وہ ہرطرح کی مصیبتوں اورپریشانیوں کا مقابلہ کرتے ایک دن اپنی منزل تک پہنچ جاتے ہیں۔ یہی نہیں بہت سے لوگ توایک منزل طے ہونے پرنئی راہیں تلاش کرنے کیلیے آگے نکل پڑتے ہیں۔ ایسے ہی لوگوں کی  مثالیں دی جاتی ہیں جو زندگی کے مختلف شعبوں میں ’روشن ستارے‘ بن کرچمکتے ہیں اوردوسروں کے لیے مشعل راہ بن جاتے ہیں۔

پاکستان میں فنون لطیفہ کے شعبے کوبہتربنانے کیلیے ایسے ہی لوگوں کومواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان خیالات کااظہارانھوں نے ’’ایکسپریس‘‘سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ صنم بخاری نے کہا کہ پاکستان میں باصلاحیت لوگ توبہت سے ہیں لیکن ان کے فن کودرست سمت میں آگے بڑھانے والے بہت کم ہیں۔ بہت سا ٹیلنٹ صرف  بہتررہنمائی نہ ملنے کی وجہ سے ضائع ہوجاتا ہے۔ ہم بات کریں ایکٹنگ، میوزک، ڈانس، ماڈلنگ اوردیگرشعبوں کی تواس میں آئے دن ایسے نوجوان دکھائی دیتے ہیں کہ اگر انھیں بہترانداز کے ساتھ پیش کیا جائے تویہ پاکستان کے ہی نہیں بلکہ دنیا کے ہردلعزیز فنکاربن سکتے ہیں۔

دوسری جانب اگرہم اپنے پڑوسی ملک کی طرف دیکھیں تووہاں پرآج کے مقبول فنکاروں میں اکثریت ایسی ہے، جن کوصرف ایک اچھا چانس ملااورانھوں نے وہ سب کچھ کردکھایا، جس کیلیے ایک فنکارکوبرسوں انتظارکرنا پڑتا ہے۔ خاص طورپر میوزک کے شعبے میں توٹی وی چینلز پرپیش کیے جانے والے پروگراموں نے بالی وڈ کی کامیابی میں اہم کردارادا کیا۔ اس لیے میں سمجھتی ہوں کہ پاکستان میں بھی اسی طرح ٹیلنٹ تلاش کرنے کی مہم چلائی جائے، جس کے ذریعے ایسے نوجوانوں کو ایکٹنگ، میوزک اوردیگرشعبوں میں متعارف کروایاجائے جواپنی صلاحیتوں سے خوب نام کمائیں اورپاکستان کانام روشن کرسکیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔