کیا ابھیشیک بچن اور ایشوریا رائے کی طلاق ہونے والی ہے؟ اداکار کا بیان سامنے آگیا

شادی سے پہلے بھی لوگ نجی زندگی پر تبصرے کیا کرتے تھے، ابھیشیک بچن


ویب ڈیسک December 14, 2025

شوبز کی دنیا میں زندگی گزارنا آسان نہیں ہوتا، جہاں ہر لمحہ کسی نہ کسی بحث یا قیاس آرائی کی زد میں رہتا ہے۔

بالی ووڈ اداکار ابھیشیک بچن بھی ان شخصیات میں شامل ہیں جن کی ذاتی زندگی طویل عرصے سے خبروں اور افواہوں کا موضوع بنتی رہی ہے، خصوصاً ان کے اور اہلیہ ایشوریا رائے کے رشتے کے حوالے سے۔

حال ہی میں ایک یوٹیوب چینل کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ابھیشیک بچن نے طلاق سے متعلق گردش کرنے والی خبروں پر کھل کر بات کی اور ان افواہوں کو سختی سے مسترد کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ ایسی باتوں کو زیادہ اہمیت نہیں دیتے کیونکہ مشہور شخصیات کے بارے میں لوگ ہر طرح کے اندازے لگاتے رہتے ہیں، جبکہ ان خبروں کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ ان کی شادی سے پہلے بھی لوگ ان کی نجی زندگی پر تبصرے کرتے تھے، پہلے شادی کے وقت کا سوال تھا اور اب طلاق کی تاریخیں طے کی جا رہی ہیں، جو سراسر بے بنیاد ہے۔

ابھیشیک کے مطابق وہ اور ایشوریا ایک دوسرے کی سچائی جانتے ہیں اور ان کا خاندان خوشحال اور مضبوط ہے، جو ان کے لیے سب سے زیادہ اہم ہے۔

اداکار نے میڈیا پر زور دیتے ہوئے کہا کہ صحافت کو سچائی اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے خاندان کے خلاف پھیلائی جانے والی جھوٹی خبروں کو کسی صورت برداشت نہیں کریں گے اور ایسی رپورٹس کا جواب ضرور دیں گے۔

مقبول خبریں