ڈاکٹر وردہ قتل کیس، مرکزی ملزم پولیس مقابلے میں ہلاک

ڈاکٹر وردہ قتل کیس کا مرکزی ملزم فرار تھا جبکہ کیس میں نامزد دیگر ملزمان پہلے ہی گرفتار کیے جا چکے ہیں، آئی جی کے پی


احتشام خان December 14, 2025
فوٹو: فائل

پشاور:

خیبرپختونخوا کے انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس نے کہا ہے کہ ایبٹ آباد میں قتل ہونے والے ڈاکٹر وردہ کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے اور پولیس مقابلے میں قاتل ہلاک ہوگیا ہے۔

آئی جی خیبرپختونخوا نے کہا کہ ڈاکٹر وردہ قتل کیس کا مرکزی ملزم شمریز  پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹر وردہ قتل کیس کا مرکزی ملزم فرار تھا تاہم اس اہم کیس میں ٹیم نے دن رات کام کیا جبکہ کیس میں نامزد دیگر ملزمان پہلے ہی گرفتار کیے جا چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ایبٹ آباد کی لیڈی ڈاکٹر وردہ مشتاق کے اغواء و قتل کیس میں اہم پیش رفت

خیال رہے کہ ڈی ایچ کیو اسپتال ایبٹ آباد کی ڈاکٹر وردہ مشتاق کو گزشتہ ہفتے اغوا کے بعد قتل کیا گیا تھا۔

ڈی پی او ایبٹ آباد ہارون الرشید نے کیس کے حوالے سے پریس کانفرنس میں بتایا تھا کہ ڈاکٹر وردہ نے اپنی سہیلی ردا کے پاس دو سال قبل 67 تولہ سونا امانت رکھوایا تھا جبکہ اس کی واپسی کے مطالبے پر انہیں اغوا کرکے بے دردی سے قتل کیا گیا۔

انہوں نے بتایا تھا کہ ڈاکٹر وردہ کو اغوا کے روز ہی قتل کیا گیا تھا اور پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ مقتولہ کی گردن کی ہڈی ٹوٹی ہوئی تھی اور موت گلا دبانے اور سانس بند ہونے کی وجہ سے ہوئی اور جسم پر تشدد کے نشانات واضح تھے۔

بعد ازاں پولیس نے ملزمہ کے خاوند بلے دی ہٹی کے مالک وحید کو بھی ملزم نامزد کرکے گرفتار کرلیا تھا اور گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعات بھی شامل کر دی گئی ہیں۔

مقبول خبریں