9 سالہ کائنات ابراہیم پاکستان کا بہترین ٹیلنٹ ہے، رونق لاکھانی

اللہ کا شکر ہے کہ آج پاکستان اسپیشل اولمپکس کے تحت منعقدہ میراتھن میں گولڈ میڈل اپنے نام کیا، کائنات ابراہیم


زبیر نذیر خان December 14, 2025

پاکستان اسپیشل اولمپکس کی چیئر پرسن رونق لاکھانی نے 9 سالہ کائنات ابراہیم کو پاکستان کا بہترین ٹیلنٹ قرار دے دیا۔

35 ویں نیشنل گیمز میں 10ہزار میٹر کے ایونٹ میں برانز جیتنے کے بعد 5 ہزار میٹر کی دوڑ میں شرکت سے روک دی جانے والی کائنات ابراہیم نے لیکسن انویسٹمنٹ ایس او پی میراتھن میں گولڈ میڈل جیت لیا۔

نیشنل گیمز میں منتظمین نے 10 ہزار میٹر کی دوڑ میں تیسری پوزیشن پانے والی کائنات کو 5 ہزار کلومیٹر کی دوڑ کے لیے نااہل قرار دے دیا تھا۔

اتوار کی صبح ساحل سمندر پر ہونے والی میراتھن میں کامیابی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے 9 سالہ کائنات ابراہیم نے کہا کہ نیشنل گیمز میں برانز میڈل جیتنے کے بعد مجھے  گولڈ میڈل جیتنے کا یقین تھا، مگر مجھے بچی قرار دے کر 10 ہزار میٹر کی دوڑ میں شرکت سے روک دیا گیا تھا۔

کائنات ابراہیم کا کہنا تھا کہ اللہ کا شکر ہے کہ آج اسی بچی نے پاکستان اسپیشل اولمپکس کے تحت منعقدہ میراتھن میں گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔

کائنات نے مزید کہا کہ میری کوشش ہوگی کہ دیگر ایونٹس کی طرح آئندہ مقابلوں میں بھی میڈلز اپنے نام کروں۔

دریں اثنا پاکستان اسپیشل اولمپکس کی چیئر پرسن رونق لاکھانی نے تقریب تقسیم انعامات میں 9 سالہ کائنات ابراہیم کی شاندار کارکردگی پر خصوصی تعریفی  کلمات ادا کرتے ہوئے اسے  ملک کا ٹیلنٹ قرار دیا۔

مقبول خبریں