کراچی:
پاکستان کی زینب خان نے 5ویں کیوکوشین ورلڈ کراٹے چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل جیت لیا۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ہونے والی عالمی چیمپئن شپ میں زینب خان فل کنٹیکٹ کراٹے کی تاریخ میں گولڈ میڈل جیتنے والی پہلی پاکستانی خاتون بن گئیں۔
زینب خان کا تعلق پاکستان کیوکوشین کراٹے کے بانی مرحوم انعام اللہ خان کے صاحبزادے ہدایت اللہ خان کی زیر نگرانی انعام کیو کشن کراٹے اکیڈمی سے ہے، چیمپئن شپ میں دنیا بھر کے 40 ممالک کے 750 کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔
پاکستانی ٹیم 18 فائٹرز پر مشتمل تھی، انعام اللہ خان کے صاحبزادے ثنااللہ خان نے مینز سینیئر کی80-کلو گرام کی کیٹیگری کے فائنل میں عراق کے ظہیر غائیب سے مقابلہ کیا اور سلور میڈل جیتا۔
انعام اللہ خان کے بھتیجے سیف اللہ خان نے 80+ کلو گرام کے ویٹ میں برانز میڈل حاصل کیا، تینوں کا تعلق پاکستان کیوکیشن کراٹے کے بانی انعام اللہ خان مرحوم کے خاندان سے ہے۔