دمشق میں باغیوں کا راکٹ حملہ، 35 افراد ہلاک

ویب ڈیسک  بدھ 21 مارچ 2018
شام میں ایک کروڑ 20 لاکھ افراد اپنا گھر چھوڑنے پر مجبور ہوئے، اقوام متحدہ۔ فوٹو : اے ایف پی

شام میں ایک کروڑ 20 لاکھ افراد اپنا گھر چھوڑنے پر مجبور ہوئے، اقوام متحدہ۔ فوٹو : اے ایف پی

دمشق: شام میں باغیوں کے راکٹ حملے کے نتیجے میں 35 افراد ہلاک اور 23 زخمی ہو گئے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق  شام کے دارالحکومت دمشق کے مشرقی علاقے جَرامانا میں باغیوں نے راکٹ سے حملہ کردیا، راکٹ ایک مارکیٹ پر گرے جہاں متعدد افراد خریداری کر رہے تھے، راکٹ حملے کے نتیجے میں 35 افراد ہلاک اور 23 افراد زخمی ہو گئے ہیں، ہلاک و زخمی ہونے والے افراد کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

شامی پولیس افسر نے بین الااقوامی خبر رساں ایجنسی سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ حملہ پُر رونق بازار میں کیا گیا جس کے باعث اب تک 35 افراد کے ہلاک اور 23 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے، زخمیوں میں سے 9 افراد کی حالت نازک بتائی جارہی ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ بھی ہے، حملے کے بعد اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے جب کہ جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر امدادی و قانونی کارروائی جاری ہے۔

واضح رہے کہ 18 فروری سے غوطہ میں شام کی حکومتی فورسز کی جانب سے مسلسل زمینی و فضائی حملے جاری ہیں، حکومتی دعوی کے مطابق ان حملوں میں باغیوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے تاہم ان حملوں میں بچوں سمیت ایک ہزار 450 عام شہری ہلاک ہوچکے ہیں جس کے باعث اقوام متحدہ سمیت عالمی قوتوں نے غوطہ میں ایک کی ماہ کے لیے جنگ بندی کا مطالبہ کیا تھا تاہم اس پر طرفین کی جانب سے عمل نہیں کیا گیا، شام میں 2011 سے جاری خانہ جنگی میں 4 لاکھ سے زائد افراد ہلاک اور ایک کروڑ سے زائد افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔