عدلیہ سے محاذ آرائی ملک اور جمہوریت کے مفاد میں نہیں، بلاول بھٹو زرداری

ویب ڈیسک  بدھ 25 اپريل 2018
نواز شریف گندی سیاست کررہے ہیں،بلاول بھٹو زرداری۔ فوٹو: فائل

نواز شریف گندی سیاست کررہے ہیں،بلاول بھٹو زرداری۔ فوٹو: فائل

 اسلام آباد: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ نوازشریف بہت گندی سیاست کررہے ہیں جب کہ عدلیہ سے محاذ آرائی ملک اور جمہوریت کے مفاد میں نہیں ہے۔ 

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی (ن) لیگ کے بجٹ پیش کرنے کی پالیسی کی مذمت کرتی ہے کیوں کہ ایسا کرکے (ن) لیگ نہ صرف آنے والی حکومت کا حق مار رہی ہے بلکہ پری پول دھاندلی بھی کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صرف 3 یا 6 مہینے کا بجٹ پیش کرسکتی ہے اور جو نئی پارلیمنٹ بنے گی ان کا حق ہوگا وہ بجٹ پیش کرے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ووٹ کی عزت کی بات کرنے والوں کا جمہوریت سے کوئی لینا دینا نہیں، نواز شریف کی سیاست بہت گندی سیاست ہے مجھے نہیں معلوم وہ ایسا کیوں کر رہے ہیں جب کہ اداروں کے درمیان تصادم نہیں ہونا چاہیے، عدلیہ سے محاذ آرائی ملک اور جمہوریت کے مفاد میں نہیں۔

پارٹی چھوڑ کر جانے والوں پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لوٹاازم جمہوریت کے لیے خطرناک ہے اور لوٹا ازم نظریاتی لوگوں میں نہیں ہوتا، تاریخ بتاتی ہے پیپلز پارٹی سے الگ ہونے والوں کو وہ سیاسی مقام نہیں ملا جو پیپلز پارٹی نے دیا۔ انہوں نے کہا کہ نیب کا قانون اب ختم کرنا یہ بالکل غلط وقت ہوگا کیوں کہ موجودہ پارلیمنٹ کی مدت ختم ہو رہی ہے تاہم پیپلز پارٹی خود حکومت میں آکر نیب قانون میں ترمیم کرے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔