بولرز 15 ڈگری میں رہ کر ’دوسرا‘ کرا سکتے ہیں ثقلین مشتاق

دوسرا آف اسپن بولر کی وہ گیند ہوتی ہے جو اپنے روایتی راستے پر جانے کی بجائے دوسری سمت میں گھوم جاتی ہے، سابق اسپنر


Sports Desk May 10, 2018
دوسرا آف اسپن بولر کی وہ گیند ہوتی ہے جو اپنے روایتی راستے پر جانے کی بجائے دوسری سمت میں گھوم جاتی ہے، سابق اسپنر۔ فوٹو: سوشل میڈیا

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق آف اسپنر ثقلین مشتاق کا کہنا ہے کہ 'دوسرا' 15 ڈگری میں رہتے ہوئے کی جاسکتی ہے.

ثقلین مشتاق کا کہنا ہے کہ آف اسپن بولنگ میں مؤثر ہتھیار کے طور پر استعمال ہونے والی گیند 'دوسرا' انھوں نے متعارف کرائی، اس کے بل پر نہ صرف انھوں نے بلکہ ان کے علاوہ کئی دوسرے آف اسپنرز نے غیر معمولی کامیابیاں حاصل کیں۔

مبصرین اور ماہرین اس کی ایک بڑی وجہ یہ بتاتے ہیں کہ چونکہ یہ گیند کرکٹ کے قوانین کے تحت 15 ڈگری کے اندر رہتے ہوئے کرنا ممکن نہیں اس لیے آئی سی سی متعدد آف اسپنرز کے بولنگ ایکشن کو مشکوک قرار دے چکی ہے، لہٰذا اب یہ فن ختم ہو رہا ہے تاہم لیجنڈ اسپنر کا موقف اس سے ہٹ کر ہے.

برطانوی خبر رساں ادارے کو انٹرویو میں انھوں نے کہاکہ 'دوسرا' 15 ڈگری میں رہتے ہوئے کی جاسکتی ہے، خود میں نے ایسا کیا اور اپنے پورے کیریئر میں کبھی رپورٹ نہیں ہوا لیکن اس کے لیے صحیح تیکنیک کی ضرورت ہے، گیند پر صحیح گرپ آنی چاہیے۔ اس کے لیے درکار مسلز صحیح طور پر تیار ہوئے ہوں۔

ثقلین مشتاق کا کہنا تھا کہ آف اسپن بولنگ 'دوسرا' کے بغیر بھی ممکن ہے، ہمارے یہاں یہ تاثر اتنا پختہ ہوچکا ہے کہ اگر کوئی بولر 'دوسرا ' نہیں کرسکتا تو وہ آف اسپنر نہیں ہے، اس بات کو ذہن سے نکالنے کی ضرورت ہے، ہمارے سامنے آسٹریلیا کے ناتھن لیون کی مثال موجود ہے، دوسرا آف اسپن بولر کی وہ گیند ہوتی ہے جو اپنے روایتی راستے پر جانے کی بجائے دوسری سمت میں گھوم جاتی ہے یعنی یہ ایک لیگ اسپنر کی گگلی کے برابر ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں