صدر زرداری میرے خلاف سازش میں ملوث ہیں وقاص اکرم

ن لیگ میں شمولیت کی سزا دی جارہی ہے، عدلیہ کا دہرا معیار سمجھ سے بالاتر ہے.


INP April 20, 2013
انتہا پسندوں کو فری ہینڈ نہیں دینگے، اینکرز کے بارے میں جلد انکشافات کروں گا. فوٹو: فائل

سابق وفاقی وزیر اور (ن) لیگ کے رہنما شیخ وقاص اکرم نے صدر آصف علی زرداری پر اپنے خلاف سازش کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے ن لیگ میں شامل ہونے کی سزا دی جارہی ہے۔

میرے کاغذات نامزدگی مسترد کرانے کی سازش ایوان صدر میں بیٹھے پیپلزپارٹی کے لیڈر نے ایچ ای سی کے چیئرمین جاوید لغاری سے مل کر تیار کی، میں نے ایچ ای سی میں ہونے والی بدعنوانی کی نشاندہی کرکے جاوید لغاری اور اس کے حواری سہیل نقوی کو سپریم کورٹ کے سامنے بے نقاب کیا تھا۔ جمعے کو یہاں پریس کانفرنس میں انھوں نے کہا کہ جیسے ہی میں نے ن لیگ میں شامل ہونے کا اعلان کیا تو پیپلزپارٹی اور ایچ ای سی کو میری اے لیول کی ڈگری جعلی نظر آنے لگی حالانکہ او لیول یا اے لیول کی ڈگری ایچ ای سی کو چیک کرنے کا کوئی قانونی اختیار نہیں ہے۔



 

انھوں نے کہا کہ ریٹرننگ افسر کو ایچ ای سی نے ایک نام نہاد خط فیکس کیا جس کی بنیاد پر ریٹرننگ افسر نے مجھے سنے بغیر کاغذات مسترد کردیے اور مخالف امیدوار کے اشتہاری ملزم ہونے کے ثبوت کے باوجود کاغذات منظور کر دیے گئے۔ عدلیہ کا دوہرا معیار میری سمجھ سے بالاتر ہے۔ انھوں نیکہا کہ انتہا پسندوں کو کبھی بھی فری ہینڈ نہیں دیں گے۔ انھوں نے عہد کیا کہ جن میڈیا اینکرز نے ان کی ذات پر کیچڑ اچھالا ہے ان کے بارے میں بھی جلد انکشافات کروں گا۔

مقبول خبریں