حكومتِ سندھ نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ فریم ورک کے تحت تین بڑے ترقياتى سنكِ ميل حاصل کرلیے جب کہ پانی ، کراچی میں ویسٹ واٹر ٹریٹمینٹ اور این ای ڈی سائنس اور ٹیکنالوجی پارک منصوبوں پر کویت کی سرکاری کمپنی کے ساتھ معاہدے طے پاگئے۔
وزیراعلیٰ ہائوس میں صوبائی انویسٹمینٹ ڈپارٹمینٹ کے تحت شاندار تقریب کا انعقاد ہوا، تقریب میں صوبائی وزرا، ڈپلومیٹس، صوبائی سیکریٹریز، پرائیویٹ کمپنی کے اعلیٰ عہدیدار نے بڑی تعداد میں شرکت کی،
کویت کے سرکاری کمپنی انرٹیک کے سربراہ عبداللہ المتیری اور ان کے وفد نے شرکت کی، تقریب کے میزبان وزیراعلیٰ سندھ کے اسپیشل اسسٹنٹ برائے سرمایہ کاری سید قاسم نوید تھے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ منصوبوں کی اہم تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انرٹیک ہولڈنگ کمپنی کے اشتراک سے پانی، توانائی، جدت اور ماحولیاتی شعبوں میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، نبیسر–وجیہر واٹر سپلائی منصوبے کی کمرشل آپریشنز تاریخ کی تکمیل کا جشن منا رہے ہیں، این ای ڈی سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک منصوبے کے لیے کنسیشن معاہدے پر عمل درآمد کر رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ٹی پی فور ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ منصوبے کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر رہے ہیں، نبیسر–وجیہر واٹر سپلائی منصوبہ تھر بلاک اوّل کو پانی فراہم کرے گا، واٹر سپلائی منصوبے کے تحت 45 کیوسک پانی تھر کے پاور پلانٹس کو فراہم کیا جائے گا، منصوبے سے 1,650 میگاواٹ بجلی کی پیداوار ممکن ہو گی، جس سے قومی سطح پر بجلی کی لاگت میں کمی آئے گی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ نبیسر–وجیہر منصوبہ سندھ کی تاریخ کے سب سے بڑے اور پیچیدہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ منصوبوں میں شامل ہے، حکومتِ سندھ اور انرٹیک واٹر پرائیویٹ لمیٹڈ کے اشتراک سے اہم آبی انفرااسٹرکچر کامیابی سے مکمل کیا گیا، انرٹیک ہولڈنگز کویت انویسٹمنٹ اتھارٹی کا ذیلی ادارہ ہے، براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری حکومتِ سندھ اور حکومتِ کویت کے درمیان مضبوط تعلقات اور باہمی اعتماد کا مظہر ہے۔