ناصرسعید کھوسہ نگراں وزیراعلیٰ پنجاب نامزد

ویب ڈیسک  پير 28 مئ 2018
ناصر کھوسہ بطور چیف سیکرٹری پنجاب بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ فوٹو : فائل

ناصر کھوسہ بطور چیف سیکرٹری پنجاب بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ فوٹو : فائل

لاہور  : وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر محمود الرشید کی مشاورت سے ناصر سعید کھوسہ کو متفقہ طور پر پنجاب کا نگراں وزیراعلیٰ نامزد کر دیا گیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود الرشید کے درمیان نگراں وزیراعلیٰ کی نامزدگی کے حوالے سے اہم ملاقات ہوئی  جس میں  ناصرسعید کھوسہ کے نام پر اتفاق کرلیا گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور قائد حزب اختلاف محمود الرشید نے نگراں وزیراعلیٰ ناصر کھوسہ کی نامزدگی کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ نامزدگی کے لیے دونوں رہنماؤں کے درمیان پرسوں ملاقات ہوئی تھی جس میں کئی دیگر ناموں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا لیکن ناصرسعید کھوسہ کے نام پر اتفاق کیا گیا جب کہ دونوں رہنماؤں نے ناصر کھوسہ کے لیے نیک خوانشات کا اظہار کیا۔

ناصرسعید کھوسہ اس سے قبل چیف سیکرٹری بلوچستان، پنجاب اور وزیراعظم کے ایڈیشنل سیکرٹری کے فرائض  انجام دے چکے ہیں، دوران ملازمت آپ نے صوبائی حکومت کے تمام محکموں میں خدمات انجام دی جہاں آپ کی کی شہرت ایک ایماندار اور اصول پسند افسر کی رہی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔