ادیتی راؤ فلم ’’باس‘‘ میں اکشے کیساتھ جلوہ گر ہونگی

1979کو حیدرآباد میں پیدا ہوئیں ،2006 میں فلمی سفر شروع کیا،فلم ’’لندن ،پیرس ،نیویارک ‘‘میں علی ظفر کے ساتھ جلوے دکھائے


Showbiz Desk May 02, 2013
6 سال کی عمر میں رقص کی تربیت لی، پرستاروں کی خوشی کے لیے ہی پرفارم کرتی ہوں،33 سالہ بالی وڈ اداکارہ و ماڈل کی گفتگو۔ فوٹو: فائل

لاہور: بالی وڈ اداکارہ ادیتی راؤحیدری نئی فلم ''باس'' میں اکشے کمار کے ساتھ جلوہ گرہوں گی اداکارہ کا کہنا ہے کہ وہ ایک بارپھر اپنی پرفارمنس کی دھاک بٹھادیں گی۔

فلم ''لندن ،پیرس ،نیویارک ''میں علی ظفر کے ساتھ اپنی پرفامنس کی دھاک بٹھانے والی اداکارہ ادیتی راؤ اب اکشے کے ساتھ اپنی ادائوں کا جادو جگائیں گی ۔بالی وڈ اداکارہ ادیتی راؤحیدری کا کہنا ہے کہ اپنی الگ شناخت رکھتی ہوں میرے فنی سفرکا آغاز انتہائی اچھا ہوا ہے انھوں نے بتایا کہ رقص میں مہارت پر مجھے فلم میں کام کرنے کے مواقع ملے ہیں ،فن کی کوئی انتہا نہیں ہوتی اور سیکھنے کا عمل جاری رہتا ہے ۔اداکارہ نے بتایا کہ رواں سال 18 اکتوبر کو ریلیز ہونے والی فلم ''باس''میں نظر آئوں گی۔اس فلم میں اہم کردار نبھارہی ہوں۔ اداکارہ کا کہنا ہے کہ نئی فلم کی کہانی بہت اچھی ہے اس پر محنت بھی کروں گی۔شائقین کی رائے کا احترام کرتی ہوں۔

ان کی خوشی کے لیے ہی پرفارم کرتی ہوں ۔اداکارہ ادتی راؤنے کہاکہ بالی وڈ میں نئے آنے والوں کے لیے بہت اچھے مواقع ہیں اور فنکار کی صلاحیتوں کے یہاں پر ہی قدردان ملتے ہیں ۔فلم کی کہانی کے تحت ہی خود کو تیار کرتی ہوں جو سین کی ڈیمانڈ ہوتی ہے وہی کرکے دکھانا ہی اصل فنکاری ہے ۔انھوں نے کہا کہ نئی فلموں میں کام کرنے کے لیے کہانی کو سب سے پہلے دیکھنا ضروری ہوتا ہے پھر اس میں اپنے کردار کو بھی مدنظر رکھنا پڑتا ہے۔

دریں اثنا فلم ''باس ''کے ہدایتکار انتھونی ڈی سوزا نے بتایا ہے کہ اداکارہ ادیتی راؤکو اس فلم کے لیے فائنل کرلیا ۔پہلے بھی ان کی پرفارمنس نے متاثر کیا۔ انھوں نے کہا کہ ادتی راؤحیدری کی اچھی پرفارمنس نے متاثر کیا ہے اور اب اس فلم کی کاسٹ میں اس کا نام شامل ہوچکا ہے ۔انھوں نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ ادیتی اس فلم میں اپنی صلاحیتوں کا کھل کر اظہار کریں گی۔



انھوں نے کہا کہ اداکارہ نے پہلے بھی اچھا کام کیا اب بھی وہ مایوس نہیں کریں گی۔ انتھونی ڈی سوزا کا کہنا ہے کہ اس فلم کی شوٹنگ کا آغاز دہلی سے کیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ اس فلم میں ادیتی راؤکے کردار کے حوالے سے مزید تفصیلات پریس کانفرنس کے دوران کروں گا ۔انھوں نے کہا کہ فلم کی شوٹنگ شیڈول کی بھی تفصیل بتائی جائے گی۔ اکشے کمار ہی فلم کے مرکزی کردار ہونگے۔ فلم کی شوٹنگ شیڈول کو فائنل کرلیا گیا ہے، یہ فلم رواں سال 18 اکتوبر کو ریلیز کی جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ اس فلم کو ملیالم فلم ''پوکری راجہ'' کاریمیک بھی کہا جاسکتا ہے یہ رومانوی میوزیکل فلم ہوگی ۔واضح رہے کہ 1979 کو حیدرآباد میں پیداہونیوالی اداکارہ و ماڈل ادیتی راؤکاتعلق شاہی خاندان سے ہے۔آندھر پردیش کے مہاراجہ اکبر حیدری کی پوتی اور محمد صالح اکبر حیدری کی نواسی ہیں ،ان دونوں حضرات کا سلسلہ نسب رائل خاندان سے جاملتا ہے ۔

محمد صالح اکبر بھارتی ریاست آسام کے گورنر بھی رہے ہیں۔ دادا اور نانا ایک ہی باپ کی اولاد ہیں دونوں مہاراجہ جے رامیش ور راؤکی اولاد ہیں۔ حیدر آباد میں اس خاندان کو بڑی عزت و احترام حاصل ہے۔ اداکارہ ادیتی راؤحیدری نے کلاسیکل رقص کی تربیت 6 سال کی عمر میں حاصل کرنے کا سلسلہ شروع کیا۔ اداکارہ کی ایک سابق بیوروکریٹ ستیدیپ مشرا سے شادی بھی ہوئی جس پر بعدازاں تنازع ہوگیا۔

ادتی راؤحیدری نے اداکاری کے شعبے میں 2006 میں قدم رکھا۔ ان کی پہلی فلم تامل تھی۔اس فلم میں ان کے رقص کو بے حد پسند کیا گیا ،جس پر انھیں 3نیشنل فلم ایوارڈ بھی ملے۔ 2009 میں ہندی فلم ''دہلی 6''میں معاون اداکارہ کا خوبی سے کردار نبھایا۔ 2011 میں ادتی نے فلم ''یہ سالی زندگی ''میں پرفارم کرکے شائقین کے دل جیتے اور اس پر انھیں بہترین پرفارمنس پر اسکرین ایوارڈ سے نوازا گیا ۔

اسی سال اداکارہ نے فلم ''راک اسٹار ''میں بھی جلوے دکھائے۔ 2مارچ 2012 کو ریلیز ہونے والی ہدایتکار انو مینن کی فلم ''لندن، پیرس ،نیویارک''میں لیڈنگ لیڈی رول کیا۔اس فلم میں ادتی راؤحیدری نے علی ظفر کے مدمقابل ہیروئن کا کردار نبھایا۔یہ فلم باکس آفس پر بھی کامیاب رہی اور اس میں ادیتی کی پرفارمنس نے شائقین کو گرویدہ بنالیا۔ ادیتی راؤحیدری کو اس کے بعد تین نئی فلموں میں پرفام کرنے کا موقع ملا ،جن میں مہیش بھٹ کے بینر سے اسی سال ریلیز ہونے والی فلم مرڈر3 بھی شامل ہے اس فلم میں ادیتی نے پاکستانی اداکارہ سارہ لورین کے مقابل اداکاری کے جلوے دکھائے۔ نقادوں کا کہنا ہے کہ رواں سال 18 اکتوبر کو ریلیز ہونے والی میگا اسٹار فلم میں ادیتی راؤکی پرفارمنس بھی یادگار ہوگی۔

مقبول خبریں