ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ مؤخر کرنے کی درخواست پر سماعت آج ہوگی

نواز شریف نے ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ 7 دن کیلئے مؤخر کرنے کی درخواست دائر کردی


ویب ڈیسک July 06, 2018
نواز شریف نے ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ 7 دن کیلئے مؤخر کرنے کی درخواست دائر کردی فوٹو:فائل

سابق وزیر اعظم نواز شریف نے ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ مؤخر کرنے کے لیے درخواست دائر کردی جس کی سماعت آج ہوگی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق نواز شریف نے لندن فلیٹ ریفرنس کا فیصلہ 7 دن کیلئے مؤخر کرنے کیلئے اسلام آباد کی احتساب عدالت میں درخواست دائر کردی۔ نوازشریف کے وکیل نے بیگم کلثوم نواز کی نئی میڈیکل رپورٹ بھی درخواست کے ساتھ لگائی ہے۔ نوازشریف نے موقف اختیار کیا کہ پاکستان واپس آکر پیش ہونے کیلئے کچھ وقت چاہئے، لہذا فیصلہ موخر کیا جائے۔

شریف خاندان کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت کرنے والے جج محمد بشیر کی غیر حاضری کے باعث ڈیوٹی جج ارشد ملک نے نوازشریف اور مریم نواز کی درخواستیں وصول کیں۔ عدالت نے آج جمعہ کو سماعت کیلئے مقرر کرتے ہوئے نیب کو نوٹس جاری کردیا۔ دونوں درخواستوں کی نقول نیب پراسکیوٹر کے حوالے بھی کردی گئیں۔

یہ بھی پڑھیں: شریف خاندان کے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ محفوظ

احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کے بچوں کے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ محفوظ کیا ہے جو آج سنایا جائے گا۔ گزشتہ روز لندن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف نے فیصلہ چند روز تک مؤخر کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا تھا کہ بزدل آمر کی طرح بھاگنے والا نہیں بلکہ کمرہ عدالت میں کھڑا ہوکر فیصلہ سننا چاہتا ہوں۔

مقبول خبریں