نواز شریف، مریم اور کیپٹن (ر) صفدر کے وارنٹ گرفتاری جاری

ویب ڈیسک  ہفتہ 7 جولائی 2018
آمدن سے زائد اثاثے ہونا کرپشن کے زمرے میں آتا ہے، نیب کی ایون فیلڈ ریفرنس سے متعلق وضاحت فوٹو:دائل

آمدن سے زائد اثاثے ہونا کرپشن کے زمرے میں آتا ہے، نیب کی ایون فیلڈ ریفرنس سے متعلق وضاحت فوٹو:دائل

 اسلام آباد: احتساب عدالت نے نواز شریف، مریم اور کیپٹن (ر) صفدر کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔

قومی احتساب بیورو (نیب) نے احتساب عدالت سے نواز شریف، مریم اور کیپٹن صفدر (ر) کے وارنٹ گرفتاری حاصل کرلیے ہیں۔ نیب کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ احتساب عدالت سے حاصل کرلیا ہے اور گرفتاری کے وارنٹ بھی حاصل کرلئے ہیں۔ قانون کے مطابق نواز شریف، مریم نواز، کیپٹن ریٹائرڈ صفدر، حسن اور حسین نواز کی گرفتاری کے لئے لائحہ عمل کی تیاری شروع کردی گئی ہے۔

’’ معلوم ذرائع سے زائد اثاثے ہونا کرپشن کے زمرے میں آتا ہے ‘‘

نیب نے نواز شریف کے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس کے فیصلے پر وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا کہ معلوم ذرائع سے زائد اثاثے ہونا نیب احتساب آرڈیننس کے تحت کرپشن کے زمرے میں آتا ہے۔

احتساب عدالت نے گزشتہ روز نواز شریف، مریم اور کیپٹن (ر) کے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ سنایا ہے۔  عدالت نے معلوم ذرائع آمدن سے زیادہ اور بے نامی دار کے نام پر جائیداد بنانے پر نواز شریف کو نیب آرڈیننس کے سیکشن 9 اے فائیو کے تحت سزا سنائی تاہم نیب آرڈیننس کے سیکشن 9 اے فور یعنی کرپشن کے پیسے سے جائیداد بنانے کے الزام سے بری کردیا۔ اس پر نواز شریف اور ان کے حامیوں نے اپنے ردعمل میں کہا کہ انہیں کسی کرپشن پر اور سرکاری خزانے کی خرد برد پر سزا نہیں دی گئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔