حکومت نجی اسپتالوں کی رجسٹریشن کرنے میں ناکام

کراچی میں پرائیویٹ اسپتالوں کی رجسٹریشن کا منصوبہ بھی تین سال سے سردخانے کی نذرہے۔


Staff Reporter August 13, 2012
اسپتالوں کی رجسٹریشن کیلیے مسودہ آج تک اسمبلی میں پیش نہیں کیا جاسکا

حکومت پرائیویٹ اسپتالوں کی رجسٹریشن اور اتائی ڈاکٹروں کیخلاف مہم میں ناکام ہوگئی، کراچی میں اتائی ڈاکٹروں کیخلاف کوئی بھی مہم کامیاب نہیں ہوسکی، صوبائی وضلعی انتظامیہ کی جانب سے متعدد بار اتائی ڈاکٹروں کیخلاف مہم شروع کرنے کے اعلانات کیے گئے۔

تاہم یہ صرف اعلانات ہی ثابت ہوئے، کراچی کے پانچوں اضلاع میں اتائی ڈاکٹر ہر آنے والے مریض کو غیرضروری انجکشن لگاکر ہیپاٹائٹس سمیت دیگر خون کے امراض میں مبتلا بھی کررہے ہیں، ایک رپورٹ کے مطابق کراچی میں5 ہزار سے زائد اتائی ڈاکٹروں نے کلنیکس قائم کر رکھے ہیں جہاں یومیہ درجنوں مریض مسیحا سمجھکر اپنے علاج کراتے ہیں، کراچی میں لانڈھی ٹاؤن، ملیر، کورنگی، اسٹیل ٹاؤن،گلشن حدید،سرجانی، نیوکراچی، موسی کالونی، ہجرت کالونی،پہاڑگنج،شیرشاہ، بلدیہ ٹاؤن، کیماڑی، مچھرکالونی ،ریلوے کالونی، عیسی نگری، بھینس کالونی سمیت دیگر مضفاتی علاقوں میں ان اتائی ڈاکٹروں نے اپنے کلنیکس جبکہ امراض نسواں کیلیے اتائی میٹرنٹی ہومز قائم ہیں۔

ایک رپورٹ ے مطابق اتائی ڈاکٹر ہر مریض کو بخار کی شکایت پر ایک انجکشن اورایک اینٹی بائیٹک دوا تجویزکرتے ہیں، انجکشن لگاتے ہی مریض کا بخار ٹھیک ہوجاتا ہے جبکہ اتائی لیڈی ڈاکٹروں کے بڑے پیمانے پر میٹرنٹی ہومز قائم ہیں جہاں غیر مستند دائیوں اور غیر مستند لیڈی ڈاکٹروں سے ڈلیوریاں کرائی جارہی ہیں اور ان ڈلیوریوں میں سرجیکل آلات بھی آلودہ استعمال کیے جارہے ہیں جس سے پیدا ہونے والا نومولود ہیپاٹائٹس اور تشنج کا مرض لیکر پیدا ہورہا ہے۔

ماہرین امراض کا کہنا ہے کہ اتائی ڈاکٹروں کی وجہ سے متعدد بیماریوں کے بوجھ میں اضافہ ہورہا ہے جبکہ غیرضروری اینٹی بائیٹک دیکر انسانی صحت کو کمزور اور قوت مدافعت کم کی جارہی ہے جس کی وجہ سے وائرل انفیکشن فوری لاحق ہوجاتا ہے، ان ماہرین نے کہاکہ کراچی میں پرائیویٹ اسپتالوں کی رجسٹریشن کا منصوبہ بھی تین سال سے سردخانے کی نذرہے، محکمہ صحت نے قانون سازی کیلیے پہلی بار مسودہ تیار کیا تھا جو آج تک اسمبلی میں پیش نہیں کیا جاسکا، کمشنر کراچی روشن علی شیخ نے کراچی کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات جاری کردی ہیں کہ وہ یس ایس پیز اور محکمہ صحت کے ضلعی افسروں کے ساتھ تمام اتائی ڈاکٹروں کیخلاف کارروائی تیز کریں۔

مقبول خبریں