میر واعظ عمر فاروق کا مسئلہ کشمیر پر عمران خان کے بیان کا خیر مقدم

ویب ڈیسک  جمعـء 27 جولائی 2018
عمران خان نے کشمیریوں کے درد و کرب کو محسوس کیا۔ میر واعظ عمر فاروق۔ فوٹو : فائل

عمران خان نے کشمیریوں کے درد و کرب کو محسوس کیا۔ میر واعظ عمر فاروق۔ فوٹو : فائل

 سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں جدوجہد حق ارادیت کے سرگرم رہنما میر واعظ عمر فاروق نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کو پاکستان کی پیشکش کا مثبت جواب دینا چاہیے۔

کشمیر میڈیا سیل کے مطابق حریت رہنما میر واعظ فاروق نے عام انتخابات میں کامیابی پر تحریک انصاف کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان نے میڈیا سے اپنے پہلے خطاب میں کشمیری عوام کے درد و کرب کو بیان کیا ہے اور اس دیرینہ مسئلے کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کے اعلان کو خوش آئند اور مثبت قرار دیا ہے۔

حریت پسند رہنما میر واعظ عمر فاروق نے مزید کہا کہ کشمیر کے معاملے کو گفت و شنید کے ذریعے ہی حل کیا جا سکتا ہے۔ اب بھارت کو بھی عمران خان کی پیشکش پر ایک قدم آگے بڑھانا چاہیے اور کشمیر میں پائیدار امن کے لیے پاکستان کی مذاکرات کی پیشکش پر بھارت کو مثبت جواب دینا چاہیئے۔

واضح رہے کہ عام انتخابات میں بڑے پیمانے پر کامیابی حاصل کرنے کے بعد تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے اپنی پہلی پریس کانفرنس میں مسئلہ کشمیر کو بھارت کے ساتھ بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔