ظہیر عباس کے دل میں کپتان کی ’’محبت‘‘ جاگ اٹھی

2سال سے زائد پنجاب اسپورٹس بورڈ اکیڈمیز کے سربراہ رہے،چار لاکھ ماہانہ لیے


Sports Reporter/Abbas Raza August 02, 2018
ہوا کا رخ دیکھ کرفاتح کرکٹ ورلڈکپ کپتان کی تعریفوں کے پل باندھ دیے۔ فوٹو: فائل

سابق حکومت کی چھتری تلے لاکھوں تنخواہ وصول کرنے والے ظہیر عباس کے دل میں بھی عمران خان کی ''محبت'' جاگ اٹھی۔

جنوری2016میں بطور پنجاب اسپورٹس بورڈ کرکٹ کوچنگ اکیڈمیز سربراہ تقرر پانے والے ظہیر عباس کی مصروفیات فیتے کاٹنے تک ہی محدود رہیں،کئی شہروں میں اکیڈمی کا افتتاح کرتے ہوئے ایشین بریڈ مین کھیلوں کے فروغ میں پنجاب حکومت کے اہم کردار اور سابق وزیراعلیٰ شہباز شریف کے ویژن کا ذکر کرنا نہیں بھولتے تھے۔

ذرائع کے مطابق سابق کپتان 4لاکھ روپے کے قریب ماہانہ تنخواہ وصول کرتے رہے،اس دوران مختلف شہروں میں اکیڈمیز قائم کی گئیں،ایک آفیشل کے مطابق ان اکیڈمیز سے سامنے آنے والے کئی کرکٹرز پی سی بی کے زیر اہتمام گریڈ ٹو کرکٹ کھیلنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

دوسری جانب حقیقت یہ ہے کہ ابھی تک کوئی قابل ذکر نام سامنے نہیں آسکا۔''نئے پاکستان'' کی داغ بیل پڑنے کے بعد گذشتہ روز ظہیر عباس نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کی تعریفوں کے پل باندھ دیے۔

انھوں نے کہا کہ فاتح ورلڈکپ کپتان نئی اننگز کھیلنے جا رہے ہیں جس پر میں انھیں مبارکباد دیتا ہوں، کرکٹ اور کھیلوں کی بہتری کیلیے میں ان کیساتھ ہوں،عمران کا وزیر اعظم بننا پاکستان کیلیے مثبت ہو گا، وہ میرے پرانے دوست اور میں جانتا ہوں کہ وہ جو کہتے ہیں کرکے بھی دکھاتے ہیں، عمران کے وزیر اعظم بننے سے پاکستان میں مثبت تبدیلی آئے گی اور حالات بہتری کی جانب گامزن ہوں گے۔

یاد رہے کہ ظہیر عباس گذشتہ دور میں ملنے والے عہدے پر اب بھی براجمان ہیں،ان کا ایک بھتیجا بھی پنجاب اسپورٹس بورڈ میں ہی ملازمت کررہا ہے۔

مقبول خبریں